وطن کی فضاؤں کے محافظ قوم کا فخر، یوم فضائیہ آج منایا جائیگا
ستمبر 1965 میں پائلٹس نے جرات اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی شاہینوں نے روایت برقرار رکھی ہر دور میں جرأت کا لوہا منوایا صدر، وزیراعظم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، دنیا نیوز ) وطن کی فضاؤں کے محافظ پوری قوم کا فخر، ملک بھر میں یوم فضائیہ آج منایا جارہا ہے ،جنگ ستمبر میں ایئر فورس کے شاہینوں نے جرات اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی، بھارتی فضائیہ تعداد اور مجموعی وسائل کے اعتبار سے پاکستان کے مقا بلے کہیں بڑی تھی ،پاک فضائیہ کے تربیت یافتہ پائلٹوں نے بہترین آپریشنل تیاری اور جنگی حکمت عملی سے بھارتی عددی برتری کو بے اثر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، یو مِ فضائیہ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کو شاندار پیشہ ورانہ خدمات اور قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت، صلاحیت اور برتری ثابت کی۔ صدرِ مملکت نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے قائداعظمؒ کے ویژن کے مطابق اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کی روایت قائم رکھی ، وزیراعظم نے کہا کہ ستمبر 1965ء میں شاہینوں نے فضائی حدود کے دفاع کے لئے بے مثال جرأت کا مظاہرہ کیا۔ مئی 2025ء میں بھی پاک فضائیہ کی مثالی ہم آہنگی، جدید جنگی صلاحیتوں اور بہترین منصوبہ بندی کو سراہا۔ صدر وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ پاک فضائیہ ملکی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments