برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کیلئے کارباری بدادری کی تجاویز کا خیر مقدم کرینگے : وزیراعظم
کاروباری برادری کے مسائل کے فوری حل، برآمد کنندگان کو سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کا جائزہ لینے کی ہدایت توانائی لاگت میں کمی حکومتی ترجیح، صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو، 50 الیکٹرک گاڑیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے
اسلام آباد (نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کیلئے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کرے گی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ توانائی کی لاگت میں کمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ وزیراعظم نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے فوری اور دیرپا حل کیلئے اقدامات اور برآمد کنندگان کیلئے اضافی ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم سے ملک کے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کیلئے مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے بجٹ سازی کے دوران کاروباری برادری کی قیمتی تجاویز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متعدد تجاویز بجٹ میں شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں قائم تجارتی سہولت بورڈ کو تجارت کے فروغ کیلئے مضبوط اور مؤثر ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے بڑا کام مکمل ہوچکا ہے ، گزشتہ مالی سال ایف بی آر نے نفاذی کارروائیوں کے ذریعے 800 ارب روپے جمع کیے۔ معاشی ٹیم کی کوششوں سے مجموعی معاشی حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے ، تاہم نچلی سطح پر بہتری کیلئے مزید محنت کرنا ہوگی تاکہ اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ حکومت صنعت کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وفد کو حکومتی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بندرگاہوں پر اخراجات کم اور عملی استعداد بہتر بنائی گئی ہے ۔ کراچی کی بندرگاہوں سے اندرون ملک رسائی بہتر بنانے کیلئے موٹروے ایم 10 کی بہتری اور پیپری مال برداری راہداری پر کام جاری ہے ۔ موٹروے ایم 13 (کھاریاں، راولپنڈی) کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سفر کا فاصلہ کم ہوگا جبکہ پاکستان ریلویز کی بہتری سے تجارتی سامان کی ترسیل تیز ہوگی۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں آئی ٹی برآمدات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔کاروباری شخصیات نے معاشی استحکام اور حکومتی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے 3 ارب ڈالر کے کامیاب بانڈز اجرا کو بھی خوش آئند قرار دیا۔دریں اثنا وزیراعظم سے اٹلی کے نئے سفیر یوگو سیارلاتانی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اطالوی ہم منصب جارجیا میلونی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سفیر نے پاکستان اور اٹلی کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے بھرپور کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔بعدازاں تقریب میں وزیراعظم نے جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کیلئے 50 الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کے حوالے کیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کیلئے رول ماڈل ہونا چاہیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments