ن لیگ کو توڑنے والے کئی آئے اور کئی گئے : مریم

 ن لیگ کو توڑنے والے کئی آئے اور کئی گئے : مریم

پارٹی میں کوئی تقسیم نہیں ، ہم سب مل کر کام کر رہے ،تمام رہنما ایک پیج پر ہیں:لندن میں گفتگو وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس، ضلع میں خصوصی روڈ مرمت سکواڈ بنانے کا فیصلہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی،دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کو توڑنے والے کئی آئے اور کئی گئے لیکن پارٹی آج بھی مکمل طور پر متحد اور وہیں کی وہیں کھڑی ہے ، مسلم لیگ  (ن)میں کسی قسم کی کوئی تقسیم نہیں ، ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)میں اندرونی طور پر کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں اور تمام رہنما ایک ہی پیج پر ہیں اور ہماری جماعت متحدہ ہے پارٹی توڑنے یا تقسیم کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وہ بیٹی کی گریجویشن پر بہت خوش ہیں، بیٹی کی گریجویشن انکے اور انکے خاندان کے لیے خوشی کا موقع ہے ، آج واپس پاکستان روانہ ہو رہی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی کام ہونا چاہیے ، عوام کی خدمت کیلئے محنت کرنا ہوگی ،محنت کریں گے تو کام نظر آئے گا، پنجاب میں ترقی اور عوامی فلاح کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔دوسری طرف وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس کے د وران پنجاب کے ہر ضلع میں ‘‘سپیشل روڈ مینٹیننس سکواڈ’’قائم کرنا فیصلہ کر لیا گیا اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے سکواڈ کی منظوری دے دی ۔ ویڈیو لنک اجلاس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی، روڈز کی روزانہ کی جانچ پڑتال، مینٹیننس، صفائی اور سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کو درست کر نا روڈ مینٹیننس سکواڈکے سپردہوگی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مخصوص اربن روڈز پر کیٹ آئی کی تنصیب لازمی قراردینے ،پائیداری اور خوبصورتی کیلئے تھرموپلاسٹک روڈ مارکنگز استعمال کرنے کا حکم دیدیا اور شہر اور تحصیل کے داخلی راستوں پرکنکریٹ کے داخلی دروازے تعمیر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ ہر ضلع میں جاری پراجیکٹ کے دائرہ کار، وقت کی پابندی، معیار، اخراجات اور عملی پیش رفت کو کورکرنے کیلئے کی نگرانی کا نظام ہونا چاہیے ، مناسب مارکنگ، لین مارکنگ، ٹریفک سائن اور ہدایتی نشانات کونصب اور برقرار رکھا جائے ، تمام روڈ سیفٹی اقدامات منظور شدہ تکنیکی معیار کے مطابق ہوں ،جاری پراجیکٹ کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت جانوروں، پرندوں اور درندوں کے علاج اور تحفظ کیلئے پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال کی تعمیر مکمل کر لی گئی ۔محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے دورے کے موقع پر پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو اجلاس میں وائلڈ لائف ہسپتال سمیت مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جدید سہولیات سے آراستہ پاکستان کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال میں 12 آپریشن تھیٹرز اور 2 معائنہ رومز قائم کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت وائلڈ لائف ہسپتال کا قیام جنگلی حیات کے علاج اور تحفظ کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے ۔اجلاس میں جنگلات میں آتشزدگی کی بروقت نشاندہی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس نظام نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...