پختونخوا:بزرگ شہریوں کیلئے مفت سفری سہولت کی منظوری
60 سال اور زائد عمر کے شہری بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گے سابق فاٹا اورپاٹا کی صنعتوں کو سیلز ٹیکس سے بھی مستثنیٰ قرار دیدیاگیا
پشاور (دنیا نیوز،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیکس ) وزیر اعلیٰ پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت احساس بزرگ کارڈ سے متعلق منعقدہ اجلاس میں بزرگ شہریوں کو مفت بی آر ٹی سروس فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی،دوسری طرف پختونخوا حکومت نے سابق فاٹا اورپاٹا کی صنعتوں کو سیلز ٹیکس سے بھی مستثنیٰ قرار دے دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق احساس بزرگ کارڈ کے تحت 60 سال اور اس سے زائد عمر کے شہری بی آر ٹی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گے ، مفت سفری سہولت پر سالانہ 935 ملین روپے لاگت آئے گی،بزرگ شہریوں کی نادرا سے تصدیق کے بعد انہیں احساس کارڈز جاری کر دئیے جائیں گے ، بزرگ کارڈ کے غلط استعمال پر شہری کو 500 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اجلا س میں خطاب کرتے سہیل آفریدی نے کہا کہ معاشرے کے بزرگ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،متعلقہ حکام احساس بزرگ کارڈ کے اجرا اور مفت سفری سہولت کیلئے ضروری اقدامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔دوسری طرف خیبرپختونخوا ریونیواتھارٹی نے سابق فاٹا اورپاٹا کی صنعتوں کو سیلز ٹیکس مستثنیٰ قرار دینے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق استثنیٰ کیلئے صنعتی یونٹ کا سابق فاٹا یا پاٹا میں قائم ہونا لازمی ہے ،صنعتی یونٹ کا ودہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہونا بھی ضروری ہے ۔ ورچوئل یا ریموٹ ذرائع سے فراہم خدمات سیلز ٹیکس استثنیٰ میں شامل نہیں۔ سیلز ٹیکس استثنیٰ کا نوٹیفکیشن یکم اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور 30 جون 2028 تک مؤثر رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments