سندھ اسمبلی : پٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کی قرارداد متفقہ منظور ، ایم کیو ایم کا ہنگامہ

سندھ اسمبلی : پٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کی قرارداد متفقہ منظور ، ایم کیو ایم کا ہنگامہ

لیوی وفاق کا معاملہ،ہم کچھ نہیں کرسکتے ،لنجار،متحدہ ارکان کا شورشرابہ،پورا سندھ دیکھ رہا ایوان میں کیا ہورہا، سپیکر آج بھی وقفہ سوالات نہ ہوسکا، اساتذہ کیلئے انشورنس پالیسی کی قرارداد پیش،کرسچن فیملی لا بل قائمہ کمیٹی کے سپرد

کراچی ( سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کی پٹرولیم لیوی ختم کرنے کی قرار داد منظور کر لی گئی،اسمبلی کا اجلاس سپیکر اویس قادر شاہ کی صدارت میں شروع ہوا، جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے پٹرولیم لیوی ختم کرنے کی قرارداد پیش  کی جسے منظور کر لیا گیا، اجلااس میں ایم کیو ایم کے ارکان کی جانب سے شور شرابہ اور نعرے بازی کی گئی جبکہ پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر محمد فاروق کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم لیوی فوری ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے ۔ وزیر پارلیمانی امور ضیا النجار کا کہنا تھا کہ یہ وفاقی حکومت کا معاملہ ہے اس میں سندھ حکومت کچھ نہیں کرسکتی ۔سندھ حکومت کے پاس لیوی ختم کرنے کا اختیار نہیں ہے ، ہم صرف وفاقی حکومت سے مطالبہ کر سکتے ہیں،معاملہ عوامی اہمیت کا حامل ہے اس لئے قرارداد کی مخالفت نہیں کرسکتے ،ایوان کی کارروائی کے دوران ایم کیو ایم کے ارکان کی جانب سے شور شرابہ اور نعرے بازی کی گئی ، ڈپٹی سپیکر انتھونی نوید کی جانب سے سندھ اسمبلی میں کرسچن فیملی لا بل 2026 ء پیش کردیا گیا ،سپیکر نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے کہا کہ یہ تاریخی بل ہے ہم اس کی حمایت کرتے ہیں ،پی ٹی آئی کے رکن سجاد علی نے کہا کہ کراچی پولیس نے ہمارے کارکنوں کے ساتھ بربریت کا مظاہرہ کیا ہے ،دو ایس ایچ اوز نے تشدد کیا اورہمارے ایک کارکن کی ٹانگ توڑ دی گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم سود سمیت بدلہ لیں گے ، اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی نے سپیکر سے شکایت کی کہ حکومتی ارکان اسمبلی میں ویڈیوز چلاتے ہیں آپ نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا جبکہ ایسا کرنے پر آپ نے اپوزیشن رکن سے معذرت کرائی تھی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلتے ہیں ،سپیکرنے اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ ٹھیک ہے آپ مجھے فہرست دیدیں۔ وقفہ سوالات کے دوران ایم کیو ایم کے طحہ احمد بولتے رہے ،سپیکر نے طحہ احمد سے کہا کہ آپ کی کرسی میں مسئلہ ہے تو میں کرسی تبدیل کراتا ہوں،اس دوران ایم کیو ایم کے ارکان لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی کے نعرے لگاتے رہے ،سپیکر نے کہا کہ پورا سندھ دیکھ رہا ہے ایوان کی کارروائی چلنے دیں ،بعدازاں اجلاس آج دوپہر دوبجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...