پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو کل لانگ مارچ کا اعلان کرینگے : حافظ نعیم

پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو کل لانگ مارچ کا اعلان کرینگے : حافظ نعیم

حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں، لیوی بھتہ ٹیکس ختم کرکے عوام کو ریلیف دیں: امیر جماعت اسلامی، کراچی میں خطاب لاہور اور دیگر شہروں میں بھی دھرنے جاری، حکمرانوں کا رویہ عوام دشمنی میں بدلتا جا رہا:لیاقت بلوچ، جاوید قصوری

کراچی، لاہور (سٹاف رپورٹر، سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ہے ، حکومت کوکل 10 ستمبر تک کی مہلت دی ہے ، لیوی ختم نہ کی گئی تو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرینگے ۔ حکومت نے ایک روز قبل ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لٹر اضافہ کیا، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں  اتار چڑھاؤ اپنی جگہ، لیکن پٹرولیم لیوی کا کوئی جواز نہیں۔وہ گزشتہ روز پٹرولیم لیوی اور ظالمانہ مہنگائی کیخلاف احتجاجی تحریک کے تحت کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جاری دھرنے کے 24ویں روز جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج ہمارے درمیان صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں 5 ماہ سے مغوی پاکستانیوں کے اہلخانہ بھی موجود ہیں۔ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں سے ان کی بازیابی کیلئے بات کی ہے ، حکومت انہیں فوری بازیاب کرائے ۔ سندھ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان پر تشدد قابل مذمت ہے ، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اس کا ازالہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین سے بات ہوئی ہے ، انہوں نے دھرنے کی حمایت اور شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ جماعت اسلامی پورے پاکستان میں ظلم و ناانصافی کیخلاف عوام کو منظم کر رہی ہے۔

حکمران سمجھتے ہیں دھرنوں سے جماعت اسلامی تھک جائے گی، لیکن ایسا نہیں ہوگا، جدوجہد مزید تیز ہوگی۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے عمران حکومت گرائی تھی اور موجودہ حکومت میں بھی تینوں شامل ہیں، مگر کسی نے پارلیمنٹ میں پٹرولیم لیوی کیخلاف آواز نہیں اٹھائی۔ جماعت اسلامی نے عوامی پارلیمنٹ لگا دی ہے جس سے حکمران طبقے کو تکلیف ہونا شروع ہوگئی ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہر حکومت اقتدار میں آنے سے پہلے آئی ایم ایف کا کشکول توڑنے کے دعوے کرتی ہے ، لیکن اقتدار میں آتے ہی اسی سے رابطے شروع کر دیتی ہے ۔ آئی ایم ایف بتاتا ہے کہ کس سے ٹیکس لینا ہے اور کس سے نہیں۔ حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں، لیوی بھتہ ٹیکس ختم اور عوام کو حقیقی ریلیف دیں۔ادھر لاہور میں مال روڈ پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمرانوں کا رویہ عوام دشمنی میں بدلتا جا رہا ہے ۔ اسلام آباد میں حکومتی ٹیم سے تین گھنٹے مذاکرات ہوئے ، حکومت نے دھرنے ملتوی کرنے کا کہا، مگر ہم نے واضح کیا کہ مذاکرات بھی ہوں گے ، احتجاج اور دھرنا بھی جاری رہے گا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت ریلیف دینے کے بجائے نت نئے ٹیکس اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام کی مشکلات بڑھا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...