استحکام پارٹی نے بہاولپور صوبہ بحالی تحریک کی حمایت کردی
خانقاہ شریف (نامہ نگار )پرنس بہاول خان عباسی نے پریس کلب نورپورنورنگا میں پریس کانفرنس کرکے بہاولپور صوبہ محاذ کے نام سے بحالی صوبہ بہاولپور تحریک کا باقاعدہ آغاز کردیا، پاکستان استحکام پارٹی نے بحالی صوبہ بہاولپور تحریک کی حمایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پرنس آف بہاولپور پرنس بہاول خان عباسی نے پریس کلب نورپورنورنگا میں صاحبزادہ میاں عادل جاوید انور عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرکے بہا ولپور صوبہ کی بحالی کی تحریک کا باضابطہ اعلان کردیا ہے ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم آج کسی نئے صوبے کا مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ اپنے صوبے کی بحالی چاہتے ہیں،جو پچاس کی دہائی میں موجود تھا اور ہم جنوبی پنجاب صوبے میں اپنی شمولیت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ، بیشک جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں کیونکہ ساؤتھ پنجاب میں دیگر بہت سارے ڈویژن موجود ہیں جن پر صوبہ جنوبی پنجاب قائم کیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے عوام سے ہر قسم کی سیاسی وابستگی چھوڑ کر بہاولپور صوبہ محاذ تحریک کو کامیاب کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بہاولپور صوبہ کی بحالی سے ہی یہاں کی عوام کی محرومیاں دور ہوں گی ، انہوں نے این اے 168 کے ضمنی الیکشن میں خود کو نیوٹرل رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں امیدوار میرے لئے قابلِ احترام ہیں بلکہ میں دونوں امیدواروں سے بہاولپور صوبہ کی بحالی کی حمایت کی توقع رکھتاہوں،اس موقع پر پاکستان استحکام پارٹی کے ضلعی صدرملک ایاز کلیار نے کہا کہ میں اپنی مرکزی اور صوبائی قیادت کی اجازت سے اپنی پارٹی کی طرف سے بحالی صوبہ بہاولپور تحریک کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتا ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments