پٹرول نرخ میں اضافہ مسترد، نوٹیفکیشن واپس لیا جائے ،ایم کیو ایم

پٹرول نرخ میں اضافہ مسترد، نوٹیفکیشن واپس لیا جائے ،ایم کیو ایم

حکومت شاہ خرچیوں، اشرافیہ کی عیاشیوں میں کمی کو تیار نہیں، ارکان اسمبلی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ،ایوان ، سڑکوں سمیت ہر سطح پر صدا بلند کرینگے

کراچی (سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)کے حق پرست ارکان اسمبلی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 12.90 روپے کے فی الفور اور سنگین اضافے کو معاشی بربریت اور عوام دشمن بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس عوام کش فیصلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیں۔ حق پرست ارکان نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں کہا کہ پٹرول کی قیمت 358.77 روپے فی لٹر بلند ترین سطح پر پہنچا کر غریب اور متوسط طبقے کی معاشی شہ رگ پر چھری چلا دی گئی ہے جبکہ ایک طرف عالمی منڈیوں کے اتار چڑھاؤ کا پورا بوجھ عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب حکومت اپنی شاہ خرچیوں، پروٹوکولز اور اشرافیہ کی عیاشیوں میں ایک روپے کی بھی کمی کرنے کو تیار نہیں۔

اس ظالمانہ اضافے سے روزمرہ کی اشیائے خورونوش کے نرخوں میں نیا طوفان اٹھے گا جس کے نتیجے میں روزانہ کی بنیاد پر کمانے والا مزدور، موٹر سائیکل سوار، رکشہ ڈرائیور اور تنخواہ دار طبقہ مزید مشکلات کا شکا ر ہوجائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان واضح کرتی ہے کہ اگر حکومت نے اپنے رویے پر نظرِ ثانی نہ کی اور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے یونہی معاشی کوڑے برسانا جاری رکھے تو ہم مظلوم عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایوان سے لے کر سڑکوں تک ہر سطح پر صدا بلند کرنے اور بھرپور عوامی احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، کیونکہ اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور اس ناانصافی پر مزید خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...