سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کیلئے 14 نئی گاڑیاں خریدنے کافیصلہ
گاڑیوں کی خریداری کیلئے 9 کروڑ 92 لاکھ سے زائد جاری کرنے کی اجازت
لاہور (محمد حسن رضا سے ) پنجاب حکومت کے کفایت شعاری کے دعوؤں کے برعکس یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کیلئے 14 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کیلئے 9 کروڑ 92 لاکھ 9 ہزار 674 روپے خرچ کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔روزنامہ دنیا کو موصول سرکاری دستاویزات کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب نے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو گاڑیوں کی خریداری کیلئے مذکورہ رقم پیشگی نکالنے کی اجازت دی ہے ۔ نئی گاڑیوں میں ایک سورینٹو، 2 کرولا کراس، 3 کرولا آلٹس، 2 یارس اور 6 سوزوکی کلٹس شامل ہیں۔تقریباً ایک کروڑ 92 لاکھ روپے مالیت کی ایک ہائبرڈ گاڑی خریدی جائے گی، جبکہ ایک کروڑ 4 لاکھ روپے فی گاڑی کے حساب سے 2 ٹویوٹا گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی گئی ہے۔
اسی طرح 74 لاکھ 42 ہزار روپے فی گاڑی کے حساب سے 3 ٹویوٹا آلٹس جبکہ 61 لاکھ 52 ہزار روپے فی گاڑی کے حساب سے 2 یارس خریدی جائیں گی۔مزید برآں 40 لاکھ 89 ہزار 490 روپے فی گاڑی کے حساب سے 6 سوزوکی کلٹس خریدنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ محکمہ خزانہ کے مطابق گاڑیوں کی خریداری کیلئے رقم پہلے سے جاری شدہ فنڈز میں سے استعمال کی جائے گی، ادائیگی نقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ تمام ادائیگیاں کراس چیک یا بینک ڈرافٹ کے ذریعے کی جائیں گی۔ گاڑیوں کی خریداری کے دوران پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قواعد 2014ء سمیت تمام متعلقہ قانونی، مالی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی مکمل پابندی کرنا لازم ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments