مریم نواز نے 91تحصیلوں میں 1500الیکٹروبس چلانے کی منظوری دے دی
بسوں کاپہلا بیچ جنوری 2027ء میں آئیگا،جنوری میں سروس کا آغاز،ہر تحصیل کیلئے بس ڈپومنظور لاہور آلودہ شہروں میں سولہویں نمبر پر ،فضائی آلودگی پھیلاؤ کے ذرائع کو روکا جائے :وزیراعلیٰ
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن اوراضلاع کے بعد ہر تحصیل میں الیکٹروبسیں چلانے کی منظوری دیدی گئی ، پنجاب میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس کا آغاز جنوری سے کر دیا جائے گا،صوبہ کی91تحصیلوں میں 1500الیکٹروبسیں چلیں گی، ہر تحصیل کیلئے مخصوص الیکٹروبس ڈپوکی منظوری بھی دے دی گئی ہے ،الیکٹروبس سروس کیلئے پہلا بیچ جنوری 2027ء میں لاہور پہنچ جائے گا، وزیراعلیٰ نے مختلف اضلاع میں مزید الیکٹروبسوں کی فراہمی کی منظوری دیدی،پنجاب بھر میں جون 2027 تک تین ہزار الیکٹروبسیں چلیں گی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ستمبر کے آخر تک الیکٹروبس سروس کا پہلا فیز مکمل کرنے کا ہدف دے دیا، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں 612 الیکٹروبسیں پوری طرح آپریشنل ہونے سے روزانہ لاکھوں شہری مستفید ہورہے ہیں۔
ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مزید 192 الیکٹروبسیں چند روز میں فنکشنل ہوجائیں گی، لاہور میٹروبس سروس کے 25 سٹیشن کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹ بھی زیر تکمیل ہیں،دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست اقدامات کی بدولت عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں سولہویں نمبر پر آگیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نومبر میں سموگ سیزن کی آمدسے قبل موثر پیشگی انتظامات یقینی بنانے ،گزشتہ برس کی کامیاب حکمت عملی کو مزید موثر بنانے اور فضائی آلودگی کے پھیلاؤ کے تمام ذرائع کو روکنے کی ہدایت کی ، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اینٹی سموگ سیزن کی گزشتہ سال کی تمام ایس او پیز پر عمل درآمد مزید سخت کردیاگیا، وزیراعلیٰ نے پنجاب کی انتظامیہ اور محکموں کو فصلوں کی باقیات کو جدید مشینری سے ٹھکانے لگانے اور آگ نہ لگانے کے امر کو یقینی بنا نے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ پلاسٹک کو آگ لگانے اور پلاسٹک سے تیار کردہ مصنوعات سے انسانی زندگی کو لاحق خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ، وزیراعلیٰ نے شہر میں موٹر بائیکس کے دھوئیں کی مانیٹرنگ کرنے اور آلودگی پھیلانے پر کارروائی کی ہدایت کی،علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں گرین بس سے ٹکرا کر کمسن بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیا اور کہا کہ بچی کی موت کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments