ملک کے قومی ورثہ کا تحفظ یقینی بنایا جا ئے ، سینیٹ قائمہ کمیٹی
قائمہ کمیٹی قومی ورثہ و ثقافت کا اجلاس ، سی ڈی اے حکام کی عدم شر کت پر برہمی کمیٹی نے امریکا سے واپس لائے گئے 523قیمتی نوادرات بارے رپورٹ طلب کرلی
اسلام آباد (سیدقیصرشاہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی ورثہ و ثقافت کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ہدایت اللہ خان کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے سی ڈی اے کے چیئر مین و سینئر افسران کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور وزارتِ داخلہ کو خط لکھنے کی ہدایت کی ۔ سینیٹر شہادت اعوان نے رانی کوٹ قلعہ سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا رواں سال ثقافتی میلے میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے علاوہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو بھی مدعو کیا جائے۔
انہوں نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران صوبائی حکام کے ساتھ ہونے والے رابطہ اجلاسوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا ملک کے قومی ورثہ کا تحفظ اور محفوظ تاریخی ورثہ کے مقامات کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جا ئے ۔ کمیٹی نے امریکا سے واپس لائے گئے 523 قیمتی نوادرات کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کرلی، جس میں نوادرات کو غیر قانونی طور پر ملک سے باہر لے جانے کے طریقہ کار اور اس سلسلے میں کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ شکرپڑیاں میں نیشنل میوزیم آف پاکستان کی تعمیر کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی نے سی ڈی اے اور وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کو اراضی کی منتقلی کا زیر التوا معاملہ جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے مزارِ قائد کراچی کے انتظامی امور اور تزئین و آرائش سے متعلق اپنی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ بھی منظور کرلی۔ سینیٹر سید وقار مہدی نے ریڈیو پاکستان کراچی کی عمارت کو ثقافتی و قومی ورثہ میوزیم میں تبدیل کرنے کی تجویز دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments