غزہ :اسرائیلی حملہ، 2بچوں سمیت خاندان کے 4 افراد شہید

غزہ :اسرائیلی حملہ، 2بچوں سمیت  خاندان کے 4 افراد شہید

غزہ ،وینس،یروشلم(اے ایف پی)شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید ہوگئے ۔حملہ جمعرات کو بیت لاہیا پراجیکٹ کے علاقے میں ایک گھر پر کیا گیا۔

 غزہ سٹی کے الشفا ہسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حملے کے بعد احمد خاندان کے 4 افراد کی لاشیں ٹکڑوں کی صورت میں ملبے سے نکالی گئیں۔ شہید ہونے والے بچوں کی عمریں8تا 12 سال بتائی گئی ہیں۔ اسرائیلی اپوزیشن رہنما یائر گولان نے نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو کے خلاف ہتک عزت اور تشدد پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ دائر کردیا۔ سارہ نیتن یاہو نے اگست میں ایک انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ گولان کو حماس کے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کا پہلے سے علم تھا اور وہ حملے کی صبح تیار اور ملبوس تھے جبکہ وزیراعظم سمیت دیگر افراد لاعلم تھے ۔ گولان نے الزامات کو سازشی نظریات قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں غزہ جنگ کے تباہ کن واقعات کی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش ہیں۔

مقدمے میں 8 لاکھ 22 ہزار ڈالر ہرجانے اور سارہ نیتن یاہو سے بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ نیتن یاہو کی جماعت لیکود نے فلسطینی سیاسی رہنما محمد دحلان پر اسرائیلی انتخابات میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے ۔ لیکود کے مطابق دحلان نے اسرائیلی اخبار ہارٹز میں یہ خبر شائع کروائی کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید نے 2023 میں حماس کے 7 اکتوبر کے حملے سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل نیتن یاہو کو ممکنہ بڑے حملے سے خبردار کیا تھا۔ لیکود نے حزب اختلاف کی جماعت دی ڈیموکریٹس پر بھی خبر شائع کرنے والے صحافی کو ادائیگی میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ دحلان نے اسرائیلی انتخابات میں مداخلت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز اور گمراہ کن قرار دیا۔ دحلان 2007 میں حماس کے غزہ پر قبضے کے بعد علاقے سے نکالے گئے تھے اور بعدازاں وہ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...