رضوان اور امام الحق سے 2گھنٹے تک تفتیش ، ملاقاتوں پر سوالات
دونوں کرکٹرز نے سوالوں کے جواب دینے کیلئے مزید وقت مانگ لیا دونوں کے موبائل فون ان لاک کرائے جائیں گے :ذرائع پی سی بی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)کرکٹر محمد رضوان اورامام الحق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )کے سامنے پیش ہوگئے ، دونوں کھلاڑیوں نے جواب دینے کیلئے وقت مانگ لیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان امام الحق اور وکٹ کیپر محمد رضوان انگلینڈ سیریز ڈریسنگ روم لیکز کیس میں گزشتہ روز لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹگیشن ایجنسی کے روبرو جوہرٹاؤن تھانے میں پیش ہوئے ،ان سے 2 گھنٹے تک تفتیش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں سے انگلینڈ میں پریکٹس اور میچزکے دوران رابطوں اور ملاقاتوں پر بھی سوالات ہوئے ، دونوں کھلاڑیوں نے سوالوں کے جواب دینے کیلئے مزید وقت مانگ لیا ۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دونوں پلیئرز کے موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کئے تھے اور ان کے موبائل فون ان لاک کرائے جائیں گے ، ڈریسنگ روم لیکز سے متعلق انویسٹی گیشن کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے قومی کرکٹرز کے موبائل فونز سے حاصل معلومات کی تحقیقات کیلئے امام الحق، محمد رضوان سمیت 3 کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کرکے طلب کیا تھا ۔ یاد رہے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی دو میچز میں قومی ٹیم کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور لارڈز ٹیسٹ کے بعد پی سی بی نے ایکشن لیتے ہوئے محمد رضوان، امام الحق سمیت 7 کھلاڑیوں اور کوچز کو ٹیم سے الگ کردیا تھا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments