ایم کیوایم کاسندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ پرمجوزہ بل اسمبلی میں جمع
میئر اور چیئرمین کوایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی مخالفت،سول سرونٹ کے تقرر کی تجویز ملازمین،اثاثوں کی منتقلی کی نگرانی کیلئے ڈیولوشن امپلی منٹیشن کمیشن قائم کرنے کابھی مطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی کی جانب سے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں جامع اصلاحات کا مجوزہ بل سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا گیا۔پیش کردہ ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین کے آرٹیکل 140-A کی روشنی میں تیار کی گئی ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان نے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے لیے اہم ترامیم تجویزکرتے ہوئے میئر اور چیئرمین کو بطور ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی شدید مخالفت کردی اور تجویز کیا کہ بلدیاتی اداروں پر غیر منتخب ایڈمنسٹریٹر مسلط کرنے کے بجائے غیر جانبدار سول سرونٹ کو ایڈمنسٹریٹر بنایا جائے ۔اختیارات، وسائل اور ذمہ داریاں نچلی سطح تک منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے منتخب میئر اور چیئرمین کو بااختیار مقامی حکومت کا انتظامی سربراہ بنانے کی تجویزدی گئی۔پانی، سیوریج، سالڈ ویسٹ، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور مقامی سڑکوں،بلڈنگ کنٹرول، ماسٹر پلاننگ اور ٹاؤن پلاننگ کے اختیارات بھی منتخب بلدیاتی حکومتوں کو منتقل کرنے کی تجویزشامل ہے ۔
بلدیاتی حکومتوں کے لیے صوبائی مالیاتی کمیشن ایوارڈ نافذ کرنے ،مختص صوبائی فنڈز میں سے کم از کم 70 فیصد براہِ راست بلدیاتی حکومتوں کو دینے ،اختیارات کی منتقلی کے ساتھ ملازمین، اثاثے اور مالی وسائل بلدیاتی حکومتوں کو منتقل کرنے کی تجاویزبھی دی گئی ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ جس کام کی ذمہ داری بلدیاتی حکومت کو دی جائے اس کے ساتھ مالی وسائل بھی فراہم کیے جائیں جبکہ بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات کو صوبائی مداخلت سے محفوظ بنانے کے لیے قانونی تحفظ بھی فراہم کیا جائے ۔بلدیاتی اختیارات، فنڈز، ملازمین اور اثاثوں کی منتقلی کی نگرانی کے لیے ڈیولوشن امپلی منٹیشن کمیشن قائم کرنے کی تجویزبھی دی گئی ہے اور کہا گیا کہ سندھ کے شہری و بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments