بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ
17فیصد شہری مہنگائی،16فیصد بیروزگاری،10فیصدتیل قیمتوں سے پریشان آ ئی پی او آر سروے میں68فیصد افراد نے آئی ایم ایف پروگرام کوبے سود قرار دیدیا
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر )انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینیئن ریسرچ کے سروے کے مطابق بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ پاکستانی عوام کے مسائل میں سرفہرست ہے ۔ سروے میں 19فیصد پاکستانیوں نے شدید اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا،17فیصد نے روزمرہ استعمال کی اشیا کی بڑھتی قیمتوں کو پریشان کن قرار دیا، 16 فیصد نے بیروز گاری،10 فیصد نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے جبکہ 7 فیصد نے صحت کی سہولیات تک عدم رسائی کو اہم مسائل کہا۔سروے میں کہا گیا کہ حکومتی بجٹ کا تقریباً 43فیصد یعنی 8 ہزار ارب روپے سے زائد قرضوں میں چلا جاتا ہے جس سے عوامی مسائل کے حل کیلئے گنجائش نہیں بچتی۔یہ سروے پلڈاٹ کے زیر اہتمام منعقد ہوا ۔ تقریب میں اکیڈمیا، تھنک ٹینکس، عدلیہ، قانونی شعبے اور میڈیا سے وابستہ ماہرین نے سروے کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا۔نیشنل سٹیزن سروے 2026 آ ئی پی او آر کی جانب سے 23 اگست سے 5 ستمبر 2026 کے دوران کیا گیا۔ اس سلسلے میں ووٹ ڈالنے کی عمر کے 5155 شہریوں سے ان کے گھروں میں بالمشافہ انٹرویوز کیے گئے ۔ سروے میں 68 فیصد شہریوں نے کہا پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کا کوئی فائدہ نہیں۔ پلڈاٹ کے کنسلٹنگ ایگزیکٹو ڈائریکٹر مامون بلال نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ IPOR کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق جنید نے سروے نتائج کے بارے میں بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments