آئین سے کھلواڑ ، اقتدار کی خواہش نے ملک تباہ کیا:سعد رفیق
صورتحال پریشان کن ،ریاستی اداروں اور سیاسی قوتوں کو خود احتسابی سے گزرنا ہوگا سلگتے مسائل پر کھل کر مکالمہ اور تنازعات کا حل ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری :بیان
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئین سے کھلواڑ اور اشرافیہ کی اقتدار کی خواہش نے ملک کو تباہ کر دیا۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائلستان بن جانے کی سب سے بڑی وجہ ملک کے آئین، قانون اور نظام عدل و سیاست سے بار بار کھلواڑ ہے ، اسی بے حرمتی نے گورننس کا بحران پیدا کیا ہے ۔ پاکستانی اشرافیہ اور مقتدرہ کی ارتکاز اقتدار کی خواہش، اقربا پروری، بددیانتی، خود پسندی، انا اور خبط عظمت نے ملک کو معاشی بدحالی، لاقانونیت اور انتہاپسندی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔ مارشل لا کی ذہنیت رکھنے والوں، اقتدار پرست سیاستدانوں، نظریہ ضرورت والی عدلیہ، مذہبی انتہاپسندی پھیلانے والے علما، شاہانہ مزاج کی حامل بیوروکریسی اور بدلتے حالات کے ساتھ رخ بدلنے والے میڈیا کو بھی انہوں نے اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپنے نظریات، جمہوری اصولوں اور عوامی وعدوں سے بار بار روگردانی کرنے والی سیاسی قوتیں عوامی اعتماد کو اس حد تک مجروح کر چکی ہیں کہ ان کے مخصوص پیروکاروں اور سخت حامیوں کے علاوہ کوئی ان پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں۔ صورتحال کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں خدانخواستہ حالات سب کے قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔ لازم ہے کہ پاکستان کے ریاستی ادارے اور سیاسی قوتیں خود احتسابی کے عمل سے گزریں، اصلاح احوال کی سنجیدہ کوشش کریں ۔ اپنے آپ کو ناگزیر سمجھنا اور اپنے نظریات کو تسلیم کروانے کے لیے ہر قدم اٹھا لینا نئی مشکلات اور پیچیدگیوں کی بنیاد رکھ دیتا ہے ۔ مخالفانہ مؤقف سننا، پاکستان کو درپیش سلگتے مسائل پر کھل کر اور دلائل کے ساتھ مکالمہ کرنا اور تنازعات کا حل تلاش کرنے کی نتیجہ خیز کوشش کرنا ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے ۔ لگتا ہے یہ کام اب سول سوسائٹی ہی کو کرنا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments