ادھر آ ستمگر، ہنر آزمائیں،تُو تیر آزما، ہم جگر آزمائیں،آفریدی
تصادم کے خواہاں ہیں نہ دباؤ، دھمکی یا خوف ہماری جدوجہد کا راستہ روک سکتا ملک کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ،کوہاٹ حملے کی مذمت
پشاور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے ہمارا 27 ستمبر کا لانگ مارچ پُرامن، جمہوری اور آئینی جدوجہد ہے ، ہر شہری کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے بنیادی حقوق کے لیے پُرامن طور پر آواز بلند کرنے اور اجتماع کرنے کا حق حاصل ہے ۔ ہم اسی آئینی حق کو استعمال کرتے ہوئے اپنی آواز عوام اور متعلقہ اداروں تک پہنچائیں گے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا عوامی مینڈیٹ کو کچل کر ملک پر مسلط ہونے والے وفاقی وزرا کی جانب سے مسلسل دھمکی آمیز بیانات کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ اختلافِ رائے کو دبانے یا شہریوں کو خوفزدہ کرنے کے بجائے فارم 47 حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی مطالبات سنے ، آئینی حقوق کا احترام کرے اور سیاسی معاملات کا حل مکالمے ، قانون اور جمہوری عمل کے ذریعے تلاش کرے ۔
انہوں نے وزرا کے بیانات کے جواب میں شعر کہا ادھر آ ستمگر، ہنر آزمائیں،تُو تیر آزما، ہم جگر آزمائیں۔ انہوں نے کہا ہم کسی تصادم کے خواہاں نہیں ہمارا مطالبہ واضح ہے آئین کی بحالی، قانون کی حکمرانی، سیاسی اسیران کی رہائی ، بنیادی حقوق کا تحفظ اور عوام کی آواز کا احترام۔دباؤ، دھمکی یا خوف ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے ۔دریں اثناء کوہاٹ میں دہشتگردوں کے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا پاکستان ہمارا ملک، کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ اُنہوں نے کہا خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا فرنٹ لائن صوبہ ہے ،خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف کہے گئے ایک ایک لفظ سے ہمارے زخم تازہ ہوتے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments