آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے 66ارب 70 کروڑ واجب الادا

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے 66ارب 70 کروڑ واجب الادا

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے وزیر پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کو ہنگامی خط لکھ دیا مالی دباؤ سے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور درآمدی ضروریات متاثر ہونے کا خدشہ

کراچی (محمد حمزہ گیلانی) آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے وزیر پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کو ہنگامی خط لکھتے ہوئے حکومت پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے 66 ارب 70 کروڑ  روپے واجب الادا ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔او سی اے سی کے مطابق بھاری رقم پرائس ڈیفرینشل کلیمز اور مارجن کی مد میں پھنسی ہوئی ہے ، جس کے باعث کمپنیوں کو پٹرول اور ڈیزل کی خریداری کیلئے شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ، واجبات کی بروقت ادائیگی نہ ہونے سے ملک میں مسلسل پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کیلئے کمپنیوں کا دستیاب سرمایہ کم ہوتا جارہا ہے ، جبکہ تیل کے اسٹرٹیجک ذخائر کو مستحکم رکھنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ۔

او سی اے سی کے جنرل سیکریٹری ناظر عباس زیدی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ادائیگیاں 15 روز میں کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم 6 ماہ گزرنے کے  باوجود یہ وعدہ پورا نہیں ہوسکا ۔ او سی اے سی نے چیئرمین اوگرا کے رویے پر بھی تحفظات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اوگرا ہماری بات نہیں سنتے ، جبکہ کمپنیوں کے زیر التوا کلیمز کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر ہورہی ہے ۔خط میں مطالبہ کیا گیا کہ اوگرا فوری طور پر کلیمز کی رقم جاری کرنے کیلئے اقدامات کرے ،ڈیلرز کا مارجن بڑھایا جاچکا ہے ، تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا 1.22 روپے فی لٹر مارجن تاحال نہیں بڑھایا گیا۔ خط کے مطابق موجودہ مالی دباؤ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور درآمدی ضروریات متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ او سی اے سی نے صورتحال پر غور کیلئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا ہنگامی اجلاس آئندہ ہفتے طلب کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...