پنجاب میں بھی وہی ہورہا جو سندھ میں ہورہا، وفاقی وزیر سرمایہ کاری

پنجاب میں بھی وہی ہورہا جو سندھ میں ہورہا، وفاقی وزیر سرمایہ کاری

کراچی (کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے کہہ رہا ہوں میری باتیں سنیں لیکن وہ بہت مصروف ہیں، امید ہے ان سے جلد ملاقات ہوگی۔۔۔

 وزرائے اعلیٰ اٹھارہویں ترمیم کا غلط استعمال کررہے ہیں، پنجاب میں بھی وہی ہورہا ہے جو سندھ میں ہورہا ہے ۔کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن ملکی سیاست میں اس شہر کا مقام نہیں ہے ،کراچی کو سیاسی مقام ملنا چاہیے ،دنیا نے برآمدات سے ترقی کی ہے ، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہترین ڈپلومیسی کر رہے ہیں، اب اس سے آگے نجی شعبے کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی برآمدات بڑھائے ، سرمایہ کاری بورڈ اپنی ریگولیشن کم کرنے پرکام کررہا ہے ، اگر سیاسی پارٹیاں لڑتی رہیں گی تو حالات نہیں بدلیں گے ، ہر سیاسی پارٹی کے بیوروکریٹس کا گروپ ہے ۔انہوں نے کہاکہ تیل کی بلند عالمی قیمتوں سے آئی مہنگائی سے عوام پریشان ہیں، ملک میں گیارہ بارہ کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ وہ 1987میں کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر رہے ہیں ،اس لیے شہر کے مسائل اور کاروباری برادری کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں،دنیا میں معاشی ترقی برآمدی شعبے کی مضبوط نمو کے باعث ہوئی ہے ،پاکستان کو بھی برآمدات بڑھانے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹیں کم کرنا ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستانی وفد کو مدعو کیا ہے اور 23 ستمبر کو ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ اہم اجلاس ہوگا، بھارت کا دفاعی بجٹ 85 ارب ڈالر ہے جبکہ پاکستان کا رواں مالی سال کا دفاعی بجٹ بڑھا کر 10.5 ارب ڈالر تک کیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے ڈھائی سال سے اپنے منصب کی کوئی تنخواہ نہیں لی بلکہ کروڑوں روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے ، ملک کو معاشی طور پر آگے لے جانے کے لیے سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول میں بہتری اور برآمدی شعبے کی توسیع پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...