منڈی بہائوالدین کی دشمنی جنوبی افریقہ پہنچ گئی ،2افرا دقتل
سعادت بلہڑ اور انکے ملازم رضوان کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار ا گیا 3 سال کے دوران بلہڑ کے 4 بھائیوں سمیت 9 افراد دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے
منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار)منڈی بہاؤالدین میں دیرینہ دشمنی کا سلسلہ جنوبی افریقہ تک جا پہنچا ،سعادت بلہڑ اور ان کے ملازم رضوان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دیرینہ تنازع کا آغاز معمولی تلخ کلامی سے ہوا ،تاہم وقت گزرنے کے ساتھ دشمنی میں تبدیل ہوتا گیا اور مختلف اوقات میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ 2023 میں شاہد بلہڑ کے قتل کے بعد دسمبر 2025 میں بادشاہ پور مارکی میں طارق پھپھرا کے قتل کا واقعہ پیش آیا ،بعدازاں تقریباً ایک ماہ قبل جنوبی افریقہ میں 4 افراد کو قتل کیا گیا جن میں شاہد بلہڑ کے دو بھائی ظفر اور ساجد اور ان کے دو دوست شامل تھے ، اب اسی سلسلے میں جنوبی افریقہ میں سعادت بلہڑ اور ان کے ملازم رضوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق 2023 سے 2026 کے دوران دیرینہ دشمنی سے منسلک واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر مذکورہ دشمنی کی روک تھام کیلئے سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین علاقہ نے فریقین کے درمیان صلح کر ا دی تھی جس کی مبارکباد کی خبریں وائرل ہو رہی تھیں لیکن پھر یہ واقعہ رونما ہو گیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments