عدالت سے باہر جانے پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے وضاحت طلب
کدھر ہیں وفاقی سیکرٹری ؟ ، بادشاہ سلامت کب تشریف لا رہے ؟:چیف جسٹس فون سننے باہر گئے :سینئر افسران،بس کچھ دیر میں آ رہے ہیں:سرکاری وکیل
لاہور (کورٹ رپورٹر )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے دوران سماعت فون سننے کیلئے کمرہ عدالت سے باہر جانے پر وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے 23 ستمبر تک وضاحت طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے ڈی آئی جی ناصر عمر ورک کو اگلے گریڈ میں ترقی نہ دینے کے خلاف کیس کی سماعت کی، سماعت سے چند منٹ قبل وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نبیل اعوان فون سننے کیلئے کمرہ عدالت سے باہر چلے گئے ، اس دوران سماعت کا آغاز ہوا تو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی عدم موجودگی پر استفسار کیا کہ کدھر ہیں وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ؟ ۔ بادشاہ سلامت کب تشریف لا رہے ہیں؟، کیس کو کیوں انتظار میں رکھا جائے ؟۔سینئر افسران نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ فون سننے عدالت سے باہر گئے ہیں۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ بس کچھ ہی دیر میں آرہے ہیں ۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ عدالت آ رہے ہیں، شوکاز نوٹس جاری نہ کیا جائے ۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس میں کہا کہ آپ عدالتی کارروائی میں مداخلت نہ کریں۔ انہوں نے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے 23ستمبر تک وضاحت طلب کرلی ۔واضع رہے ڈی آئی جی احمد ناصر عمر ورک نے اگلے گریڈ میں ترقی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments