9مئی کیس :سہیل آفریدی کیخلاف کیس میں آج اہم سماعت

9مئی کیس :سہیل آفریدی کیخلاف کیس میں آج اہم سماعت

فرد جرم عائد ہونے کی صورت میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی نااہلی کا امکان:ذرائع

پشاور (عابد حمید )انسداد دہشتگردی عدالت میں نومئی کا کیس وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سر پرلٹکتی تلوار بن گیا، ذرائع کا کہنا ہے فرد جرم عائد ہونے کی صورت میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے نااہل ہونے کا امکان ہے ۔پشاور ہائیکورٹ میں انسداد دہشتگردی عدالت کے  فیصلے کے خلاف کیسز کی سماعت آج ہو گی۔پشاورہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت پر ریڈیو پاکستان پر حملے کے کیس میں انسداد دہشت گردی کے 11 دسمبر 2025 کے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں اس کیس کو دوسرے کیس کے ساتھ منسلک کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت آج 23 ستمبر تک ملتوی کردی تھی، تحریر فیصلے کے مطا بق اے اے جی سے جب پوچھا گیا کہ فرانزک رپورٹ موصول ہوچکی ہے ، تو ان کا جواب اثبات میں تھا، ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا، کہ ایسی کوئی رپورٹ موجود نہیں ہے ،اس سے قبل پشاور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور پر حملے کے مقدمے میں پیشی ہوئی۔

جہاں ریڈیو پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ پرائیویٹ وکیل شبیر حسین نے مقدمے کی تفتیش، ویڈیو شواہد اور پراسیکیوشن کے کردار سے متعلق اہم اعتراضات اٹھائے تھے ۔ریڈیو پاکستان نے صوبائی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سپیشل پراسیکیوٹر کے کردار پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پرائیویٹ وکیل مقرر کیا۔ریڈیو پاکستان کی درخواست پر ویڈیو فرانزک ادارے کو بھجوائی گئی ، فرانزک رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا، سابق صوبائی وزیر کامران بنگش، پی ٹی آئی کے رہنما عرفان سلیم اور کارکن عامر چمکنی کی موجودگی ویڈیو میں شناخت کی گئی،جن کی نادرا سے تصدیق کرائی گئی۔ریڈیو پاکستان کے وکیل کے مطابق سپیشل پراسیکیوٹرکی جانب سے عدالت سے یہ استدعا بھی کی گئی کہ مقدمے کی سماعت کیلئے 27 ستمبر کے بعد کی تاریخ مقرر کی جائے ، کیونکہ 27 ستمبر کو احتجاج کی کال سے متعلق مصروفیت متوقع ہے ۔ ریڈیو پاکستان کی جانب سے اس طرزِ عمل پر بھی سخت اعتراض اٹھایا گیا اور مؤقف اختیار کیا گیا کہ ریاستی ادارے پر حملے کے مقدمے میں پراسیکیوشن کو ملزمان یا احتجاجی سرگرمیوں کے لیے سہولت کاری کے تاثر سے بہرحال گریز کرنا چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...