پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کا غزہ میں استحکام فورس تعیناتی کامطالبہ
اسلام آباد ( وقائع نگار ، دنیا نیوز)پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی مصائب پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے اپنے وعدے پورے کرنے اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور قطر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں غزہ میں فوری، محفوظ اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔مشترکہ بیان میں جنگ بندی کے تحفظ اور تمام خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا اور بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی پر بھی زور دیا گیا۔ آٹھوں ممالک نے قومی کمیٹی برائے انتظامِ غزہ کی پورے علاقے میں ذمہ داریوں کے آغاز پر اتفاق کیا۔وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور کسی بھی علاقائی یا آبادیاتی تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے بستیوں کی توسیع، فلسطینی اراضی پر قبضے ، گھروں کی مسماری اور آبادکاروں کے تشدد کی مذمت کی۔ انہوں نے یروشلم کے مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت متاثر کرنے کی کوششوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ بیان میں برطانیہ اور یورپی ممالک کی جانب سے غیر قانونی بستیوں سے تجارت روکنے کے اقدامات کا خیرمقدم کیا گیا ،آٹھوں ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت کو سراہتے ہوئے تنازع کے حل کے لیے امریکا کے فعال کردار پر بھی زور دیا ، بیان میں امریکا، بورڈ آف پیس اور فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments