آپریشن،19دہشتگرد ہلاک،حوالدار شہید،افغان طالبان کے8ڈرونز مارگرائے
4 ڈرونز طورخم بارڈر مزید 4 کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں تباہ ، افغان معاونت کا ثبوت فورسز کی مستونگ ، تربت ،کیچ ،کوئٹہ ویسٹ میں کارروائیاں، حوالدار جمیل نے شہادت پائی ،1 جوان زخمی
اسلام آباد،مستونگ(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار)سکیورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح افغان طالبان کی جانب سے 8ڈرونز پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے ، جنہیں پاکستان کے فعال ایئر ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ مزید 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج اور پاک فضائیہ نے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کو ناکام بنایا۔ ذرائع نے اس واقعے کو افغان طالبان کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی معاونت اور سرپرستی کا ایک اور ثبوت قرار دیا ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بھی کرم سیکٹر میں افغان طالبان کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان ملک اور عوام کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔دریں اثنا بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے جاری عزم ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں شاندار کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔
دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی بزدلانہ کوشش کی تھی، جسے جوانوں نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی سے ناکام بنا دیا ،فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کنک وادی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا، جس پر جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ،سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی علاقوں میں تعاقب کرکے ان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 7 خوارج کو بھی ہلاک کر دیا ۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ، اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی بھی ہوا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔علاوہ ازیں تربت کے علاقے جوسک میں سکیورٹی فورسزنے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا اور فتنہ الہندوستان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک کردئیے ، فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب اورعلاقے میں سرچ، کلیئرنس اورسینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے ۔ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں الگ الگ انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں مزید 6 دہشتگرد مارے گئے ۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 39 سالہ حوالدار محمد جمیل نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید حوالدار محمد جمیل کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ شریف سے تھا۔سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر اور بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments