چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت مکمل ای کورٹ میں تبدیل
اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ میں جدید ٹیکنالوجی نے عدالتی نظام میں بھی نمایاں تبدیلیاں پیدا کر دیں،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت مکمل ای کورٹ بن گئی، عدالت پیپر لیس،تمام کام ڈیجیٹلائز اورکمرہ عدالت میں سکرینیں لگاکر سماعتوں کا آغاز کردیا گیا۔
چیف جسٹس کی عدالت میں کیس مینجمنٹ، آن لائن سماعت اور ڈیجیٹل ریکارڈ کا استعمال ہوگا، پراسیکیوٹر جنرل منظور ججہ نے کہا جدید ٹیکنالوجی سے مقدمات کی کارروائی مزید شفاف اور تیز بنانے میں مدد ملے گی،وکلا اور سائلین کو عدالتی معلومات تک آن لائن رسائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، ادھر وکلاء کاکہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کا فروغ انصاف کی فراہمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم قدم ہے ،بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے سرکلر جاری کیا، جس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہر نئے مقدمے کے ساتھ کیس فائل کی مکمل ڈیجیٹل کاپی جمع کرانا لازمی قراردیتے ہوئے کہاگیا کہ مقدمہ دائر کرتے وقت اصل دستاویزات کے ساتھ ڈیجیٹل کیس فائل بھی جمع کرانا ہوگی،ڈیجیٹل کیس فائل مکمل، واضح، درست اور مناسب ترتیب میں جمع کرانے کی ذمہ داری متعلقہ فریق یا وکیل پر ہوگی،ایڈووکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کے دفاتر کو کیس فائل کی ہارڈ کاپی فراہم نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments