ہائیکورٹ :ایف آئی آر کا فونٹ سائز بڑا اور یکساں کرنے کا حکم

 ہائیکورٹ :ایف آئی آر کا فونٹ سائز بڑا اور یکساں کرنے کا حکم

آئی جی صاحب، ایف آئی آر عینک لگا کر بھی نہیں پڑھی جا رہی :چیف جسٹس پیپر بچاتے بچاتے آنکھیں ضائع ہوگئیں:ریمارکس،عملدرآمدر پورٹ طلب

لاہور(کورٹ رپورٹر )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے آئی جی پنجاب کو صوبے بھر میں ایف آئی آر کے فونٹ سائز کو بڑھانے اور ایک ہی طرز کا فونٹ استعمال کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے قرار دیا کہ جب تین صفحات کا کام ایک صفحے پر ہوگا تو فونٹ تو چھوٹا ہوگا، کہتے ہیں ہم پیپر بچا رہے ہیں، پیپر بچاتے بچاتے ہماری آنکھیں ضائع ہوگئی ہیں ۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری جمیل کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم عدالت میں پیش ہوئے ۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب، آپ نے ایف آئی آر دیکھی ہے ؟، یہ ایف آئی آر تو عینک لگا کر بھی نہیں پڑھی جا رہی، کم از کم ایک ہی فونٹ رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے بیان دیا کہ ہم نے اس حوالے سے پی آئی ٹی بی سے معاونت حاصل کی ہے ۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس میں مزید کہا کہ ہم ایف آئی آر پڑھیں گے یا اسے سمجھیں گے ؟۔عدالت نے آئی جی پنجاب کو پورے پنجاب میں ایک طرز کے فونٹ میں ایف آئی آر کے اندراج کی ہدایت کردی اور آئی جی پنجاب سے 29 ستمبر کو عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایس پی کی جانب سے ایف آئی آر نہ پڑھے جانے پر آئی جی پنجاب کو طلب کیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...