میرا خیال ہے ملک میں نیشنل ایمرجنسی لگنے جا رہی:نجم سیٹھی
اسلام آباد کا گھیراؤ نا قابل قبول ،کے پی میں پی ٹی آئی کی صورتحال بدلنے والی آفریدی ، گنڈاپور ملاقات سے نئی پیشرفت کا امکان:’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی صورتحال تبدیل ہونے جا رہی ہے ۔ موجودہ حالات میں ایک صوبے کی حکومت یا وہاں کی حکمران جماعت کا اسلام آباد کا گھیراؤ کرنا قابل قبول نہیں ہوگا۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ وہ اسلام آباد ضرور آئیں گے اور کسی بھی وقت آ سکتے ہیں۔ لیکن ان کا اسلام آباد آنا کسی کو قبول نہیں ہے ، ایسی صورتحال میں کوئی خاموش نہیں رہ سکتا اور نہ ہی اسے برداشت کیا جا سکتا ہے ۔ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی تاریخ آگے کر دی ہے ، اس دوران ایک نیا سوال بھی سامنے آ گیا ہے کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ رہیں گے یا نہیں۔ دوسری جانب سہیل آفریدی نے علی امین گنڈاپو ر سے ملاقات کی ہے ، حالانکہ گنڈاپور نے پہلے سہیل آفریدی کا نمبر بلاک کر رکھا تھا۔ اب دونوں کی ملاقات سے خیبرپختونخوا میں کسی نئی پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔ صوبے میں پیپلز پارٹی کا گورنر ہے ۔ وہ پہلے بھی حکومت کو گورنر راج کی طرف نہ جانے کا مشورہ دے چکے ہیں۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ موجودہ صورتحال کا حل کیسے نکالا جائے ، کیونکہ پی ٹی آئی بھی اپنے موقف پر قائم ہے ۔ محسن نقوی کے ’’ایک بار اور ہمیشہ کیلئے ‘‘والے مؤقف سے یہ تاثر ملتا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے خلاف سخت کارروائی کے موڈ میں ہے ، تاہم ان کے خیال میں حکومت گورنر راج نافذ نہیں کرے گی، کیونکہ آئین کے تحت اس کی مدت محدود ہے اور اس عرصے میں امن و امان یا پی ٹی آئی سے متعلق مسئلہ حل ہونا مشکل ہوگا۔ گورنر راج کے بعد حکومت کے پاس قومی ہنگامی حالت کا آپشن بھی موجود ہے ۔ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کو قومی ہنگامی حالت کے نفاذ کیلئے جواز کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے ۔ اگر صدر منظوری دیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اس کی منظوری دے گا۔ حتمی فیصلہ وہ لوگ کریں گے جو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی طے کر رہے ہیں کہ کہاں کیا اقدام کرنا ہے ، کہاں سختی کرنی ہے اور کہاں نہیں کرنی۔میرایہی خیال ہے نیشنل ایمرجنسی لگنے جا رہی ہے کیونکہ نیشنل ایمرجنسی ہی ہے جو دو یا تین مسئلے جو اس وقت کھڑے ہیں انہیں حل کر سکتی ہے ، نیشنل ایمرجنسی سے سارا پاکستان آپ کے کنٹرول میں آ جاتا ہے جس کو رکھنا چاہیں رکھ لیں جس کو نکالنا چاہیں نکال دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments