بیوروکریسی اور دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں نمایاں فرق
لاہور (حمزہ خورشید سے )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید نے بیوروکریسی اور دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مبینہ تفاوت کے معاملے پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔
تحریک التوائے کار کے متن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب بیوروکریسی اور دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں واضح تفاوت موجود ہے ۔ بیورو کریٹس کو 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس اور پلاننگ پرفارمنس الاؤنس دئیے جاتے ہیں، جبکہ دیگر سرکاری ملازمین، جن میں ڈاکٹرز، پروفیسرز اور انتظامی افسران بھی شامل ہیں، کو یہ الاؤنسز نہیں ملتے ۔تحریک میں کہا گیا ہے کہ دسمبر میں دیگر سرکاری ملازمین کو ایک انکریمنٹ ملتی ہے جبکہ بیوروکریٹس کو ڈھائی انکریمنٹ دی جاتی ہیں۔ رواں سال تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بظاہر 7 فیصد اضافہ ہوا، تاہم بیوروکریٹس کی تنخواہوں میں 36 ہزار سے 90 ہزار روپے تک اضافہ ہوا۔امجد علی جاوید کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ تنخواہوں کے اس تفاوت کو کل ملازمت کے دورانیے پر تقسیم کیا جائے تو بیوروکریٹ اسی گریڈ کے دیگر سرکاری ملازم کے مقابلے میں کروڑوں روپے زائد وصول کرتا ہے ۔ تحریک التوائے کار میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی اہمیت کے پیش نظر پنجاب اسمبلی کی کارروائی ملتوی کرکے اس پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments