سعدرفیق کاحکومت اوراحتجاج کرنیوالوں کومذاکرات کامشورہ

سعدرفیق کاحکومت اوراحتجاج کرنیوالوں کومذاکرات کامشورہ

مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے ، پہل ریاست کرے مہنگائی و ناانصافی میں پسا عام آدمی مزید مشکلات کا متحمل نہیں:سابق وزیر

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے حکومت اور احتجاج کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے بات چیت کریں اور   گفت و شنید کا سلسلہ جاری رکھیں۔ مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے ۔سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومتیں اور احتجاج کرنے والے انا، ضد اور دھڑے بندیوں سے بالاتر ہو کر سوچیں۔ یاد رکھیں، آپ میں سے کوئی فاتح نہیں ہوگا کیونکہ سب ہار رہے ہیں، پہل ہمیشہ ریاست کرتی ہے ، اس لیے پہل کی جائے ۔ جانی و مالی نقصانات سے بچا جائے ۔ ایک دوسرے کی عزت نفس کو تار تار کرنا کم ظرفی ہے ، کوئی قابل فخر کام نہیں۔

مہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی اور دہشت گردی کی آگ میں جھلسا ہوا پاکستان کراہ رہا اور پکار رہا ہے ، اس کی پکار سنی جائے ۔ عام آدمی پس چکا ہے ، اسے آپ کے مباحثوں، دھینگا مشتی اور اپنی خدمات کا ڈھنڈورا پیٹنے سے کوئی دلچسپی نہیں۔ اس کے لیے جینا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے ۔ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے ہوئے زخم ناسور بن جاتے ہیں اور پھر پوری قوم دہائیوں تک اس کی قیمت ادا کرتی رہتی ہے ۔ تاریخ لکھی جا رہی ہے ، اسے قید کیا جا سکتا ہے نہ روکا جا سکتا ہے ۔ لاعلاج زخم چھوڑ کر جانے والے ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔انہوں نے سول سوسائٹی اور اہل درد سے بیدار ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اذانِ حق کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے ، جو جہاں بھی ہے اپنی آواز بلند کرے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...