سرمایہ کاری کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر:وزیراعظم

سرمایہ کاری کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر:وزیراعظم

صوبوں میں ہم آہنگی کیلئے آسان کاروبار ایکٹ کو ملک بھر میں نافذ کیا جائے شہبازشریف کاایرانی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں۔ حکومت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور غیر ضروری ضابطہ کاری کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں اصلاحات کے ذریعے اسے جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ، اسی طرز پر دیگر ریگولیٹری اداروں میں بھی اصلاحات لائی جائیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریگولیٹری رجسٹری تشکیل دی جائے تاکہ ملک میں موجود تمام ریگولیٹری تقاضوں اور قواعد و ضوابط کو ایک جامع نظام کے تحت مرتب کیا جا سکے ۔وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے لیے آسان کاروبار ایکٹ کو ملک بھر میں نافذ کیا جائے تاکہ تمام صوبوں میں ریگولیٹری نظام میں ہم آہنگی پیدا ہو اور کاروباری افراد کو یکساں سہولیات میسر آئیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریگولیٹری اصلاحات کے اثرات اور افادیت کا جائزہ لینے کے لیے ان اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کرائی جائے تاکہ اصلاحات کے عملی نتائج کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جا سکے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے ۔ سرمایہ کاروں کو سازگار اور سہل کاروباری ماحول فراہم کیے بغیر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کو پنجاب حکومت کی E-BIZ کی طرز پر جدید بنایا جا رہا ہے ۔ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر اور امپورٹ پالیسی آرڈر کو سہل بنایا جارہا ہے ۔ایس آئی ایف سی ریگولیٹری ریفارمز کے حوالے سے تمام صوبوں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، سے رابطے میں ہے ۔ کابینہ کی ریگولیٹری ریفارمز کمیٹی نے 7 ملٹی سیکٹرز میں 557 ریفارمز کی منظوری دی ہے جس سے سالانہ 460 ارب روپے کی بچت متوقع ہے ۔ دریں اثنا شہبازشریف سے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملاقات کی۔ حنیف عباسی نے وزیراعظم کو وزارت ریلوے سے متعلقہ امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے ٹرین کے سفر میں عوام کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی خصوصی ہدایات دیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے ٹریکس کی بروقت مرمت و دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ریلوے فریٹ سروس کو مزید فعال کرنا ناگزیر ہے ۔ملاقات میں دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر دلی تعزیت اور گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...