انسداد دہشت گردی عدالت کاعمران کو پیش کرنے کا حکم
بانی پی ٹی آئی کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ ویڈیو لنک پیش کریں:عدالت سابق وزرا فرح حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز اشتہاری قرار
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے ،دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق وزرا فرح حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز اشتہاری قرار دے دیا۔اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی اور دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کی سماعت کی۔جج طاہر عباس سپرا نے حکم دیا کہ بانی کو جسمانی طور پر یا بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش کیا جائے ۔ عدالت نے سابق وفاقی وزرا فرح حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں جبکہ عدالت نے طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی ایم پی اے حسن خان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی ۔واضح رہے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کا تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments