سپیکر پختونخوا کا وزیراعظم سے امن جرگہ اعلامیہ پر عمل کا مطالبہ

سپیکر پختونخوا کا وزیراعظم سے امن جرگہ اعلامیہ پر عمل کا مطالبہ

کور کمانڈر الیون کور کی عدم دستیابی سے رپورٹ مکمل نہیں ہوسکی:بابر سواتی خیبرپختونخوا اسمبلی شدت پسندی پر قابو پانے میں تعاون کیلئے تیار، خط ارسال

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر صوبے میں شدت پسندی اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں 2025 کے امن جرگہ اعلامیہ پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قومی ایکشن پلان سے متعلق رپورٹ کور کمانڈر الیون کور کی عدم دستیابی کے باعث مکمل نہیں ہوسکی۔خط کے مطابق صوبائی اسمبلی کی منظوری سے شدت پسندی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی برائے سکیورٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے گورنر، صوبائی حکومت، سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں، مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی اداروں سے رابطہ کیا۔ 12 نومبر 2025 کو 30 سے زائد سیاسی رہنماؤں، منتخب نمائندوں اور دیگر فریقوں پر مشتمل امن جرگہ منعقد ہوا، جس میں شدت پسندی، سکیورٹی اور پائیدار امن سے متعلق مشترکہ اعلامیہ منظور کرکے وزیراعظم کے دفتر کو بھی ارسال کیا گیا۔بابر سلیم سواتی کے مطابق خصوصی کمیٹی نے سکیورٹی اداروں سے تفصیلی بریفنگز حاصل کیں، تاہم کور کمانڈر الیون کور کے دفتر کی جانب سے بریفنگ نہیں دی گئی، جس کے باعث رپورٹ مکمل نہ ہوسکی۔ کمیٹی کا مقصد سکیورٹی اداروں کے آپریشنل امور میں مداخلت نہیں بلکہ منتخب نمائندوں کو ان معاملات سے آگاہ رکھنا ہے جو براہ راست عوام کو متاثر کرتے ہیں۔خط میں کہا گیا کہ کمیٹی متعلقہ فریقوں اور کور کمانڈر الیون کور کے دفتر سے رابطے میں ہے تاکہ مشاورت کے بعد رپورٹ مکمل کی جاسکے ۔ رپورٹ صوبائی اسمبلی سے منظوری کے بعد وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی تاکہ اسے قومی ایکشن پلان میں شامل کیا جاسکے ۔ سپیکر نے کہا خیبرپختونخوا اسمبلی عوامی نمائندوں کی قیادت میں رائے عامہ کو منظم کرکے شدت پسندی پر قابو پانے میں تعاون کیلئے تیار ہے ۔ بابر سواتی نے خط کا متن اور عکس سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی شیئر کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...