کرم میں ہلاک دہشت گردوں میں 2افغان شہری نکلے

کرم میں ہلاک دہشت گردوں میں 2افغان شہری نکلے

پکتیا کے صفت اللہ اور عمرفدائی مارے گئے ،پہلے ہی 257افغان کی شناخت ہوچکی آبائی علاقوں میں تعزیتی تقریب، فتنہ الخوارج کے جھنڈے والے پوسٹر آویزاں

اسلام آباد(اے پی پی)افغانستان سے پاکستان میں جاری سرحد پار دہشت گردی کا ایک اور واضح ثبوت سامنے آ گیا ہے ۔ 5 اکتوبر کو کرم میں فتنہ الخوارج کے  خلاف سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں میں 2 افغان شہریوں کی شناخت ہوئی ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت صفت اﷲ عرف سیف اﷲ جمشید ولد تجلی، ساکن جانی خیل پکتیا اور عمر فدائی کے نام سے ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث 257 سے زائد افغان شہری پہلے ہی شناخت کیے جا چکے ہیں جبکہ ان 2 کیسز کا اضافہ اس ریکارڈ میں مزید اضافہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان کا فتنہ الخوارج سے تعلق ان کے آبائی علاقوں میں ہونے والی سرگرمیوں سے بھی واضح ہوتا ہے ۔ ان کی ہلاکت کے بعد افغانستان میں تعزیتی اجتماعات منعقد کیے گئے ۔ پکتیا کے ضلع جانی خیل کے گاؤں رباط میں صفت اﷲ کی تعزیتی تقریب کے دوران فتنہ الخوارج کے جھنڈے والے پوسٹرز سرعام آویزاں کیے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ صرف ان 2 افراد تک محدود نہیں۔ قندھار کے رہائشی حافظ محب اﷲ عرف خالد 5 روز قبل شمالی وزیرستان میں ہلاک ہونے والے 7 دہشت گردوں میں شامل تھا۔ عبداﷲ جان، گل بہادر گروپ سے وابستہ اور کمانڈر گوہر کا قریبی ساتھی، بھی 3 روز قبل ایک آپریشن میں ہلاک ہوا۔257 سے زائد افغان شہریوں کی شناخت اور ان نئے کیسز کا اضافہ پاکستان میں افغان شہریوں کی دہشت گرد سرگرمیوں میں شمولیت کو واضح کرتا ہے ۔ افغانستان میں ان دہشت گردوں کی کھلے عام تعزیتی تقریبات اور فتنہ الخوارج کے جھنڈوں کی نمائش سرحد پار دہشت گرد نیٹ ورک اور اسے حاصل ماحول کو مزید بے نقاب کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...