پاکستان،برطانیہ کا غیر قانونی امیگریشن، سمگلنگ روکنے پر اتفاق
محسن نقوی،طلال کی برطانوی وزیر سے ملاقات ،مشترکہ مفاد کیلئے باہمی تعاون پر گفتگو پولینڈ کے وزیر داخلہ سے ملاقات میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون و دیگر امور پرتبالہ خیال
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے برطانوی وزیر مملکت برائے خارجہ امور سٹیفن ڈاٹی نے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات، سکیورٹی امور اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن، جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ جانے کے رجحان کی روک تھام، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے لیے موثر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کے لیے جلد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی و امیگریشن سے متعلق قائم مشترکہ ورکنگ گروپ کی 90 روزہ کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا ۔برطانوی وزیر مملکت سٹیفن ڈاٹی نے پاکستان میں آن لائن فراڈ اور سائبر کرائمز میں ملوث منظم عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی تعریف کی دریں اثنا محسن نقوی اور طلال چودھری سے پولینڈ کی کونسل آف منسٹرز کے سربراہ و وزیر ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی ، اس دوران دوطرفہ سکیورٹی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور منظم جرائم کی روک تھام بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران اتفاق رائے ہواکہ دونوں ممالک کے درمیان میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دی جائے گی،وزیر مملکت طلال چودھری کی سربراہی میں وزارت داخلہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔ محسن نقوی نے آگاہ کیا کہ حکومتی اقدامات سے پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد نمایاں کمی آئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments