27 ہزار سے زائد وفاقی افسروں کے گوشوارے ایف بی آر آن لائن نظام سے منسلک

27  ہزار سے زائد وفاقی افسروں کے گوشوارے ایف بی آر آن لائن نظام سے منسلک

17 تا 22 گریڈ کے افسروں کو 30 اکتوبر تک آمدن و اثاثوں کے گوشوارے ایف بی آر پورٹل پر جمع کرانے کی ہدایت غلط بیانی یا گوشوارہ جمع نہ کرانے پر تادیبی کارروائی ، تصحیح کی سہولت ایڈمنسٹریٹر کی منظوری سے 30نومبر تک دستیاب

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاق کے ماتحت 17تا 22گریڈ کے 27ہزار سے زیادہ افسروں کے آمدن و اثاثوں کے گوشواروں کا نظام ایف بی آر کے آن لائن پورٹل سے منسلک کر دیا ۔ افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مالی سال 2025-26 کے آمدن و اثاثوں کے گوشوارے 30 اکتوبر 2026 تک ایف بی آر کے مخصوص آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں۔ وفاقی سول سرونٹس اب یہ گوشوارے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو مینوئل طریقے سے جمع کرانے کے بجائے ایف بی آر کے آن لائن نظام کے ذریعے جمع کرائیں گے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق آمدن و اثاثوں کے گوشواروں کی جمع کرانے ، جانچ پڑتال اور اشاعت کے لیے ڈیجیٹل نظام ایف بی آر کے اشتراک سے نافذ کیا گیا ہے۔

یہ نظام سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 15-اے اور سول سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 2026 کے ضابطہ 12 کے تحت لاگو کیا گیا ہے ۔ گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے جو سول سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 2026 کے ضابطہ 12 کی ذیلی شق 6 کے تحت مقرر ہوئی ہے ۔افسران کے آن لائن اکاؤنٹس بنانے کے لیے انہیں اپنا نام، عہدہ، فعال ای میل، موبائل فون نمبر اور شناختی کارڈ نمبر متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر کو فراہم کرنا ہوگا۔ ای میل ذاتی نوعیت کا ہونا چاہیے اور سرکاری عہدے یا تعیناتی میں تبدیلی کے ساتھ تبدیل نہیں ہوگا۔ وفاقی وزارتیں اکاؤنٹس بنانے کے اختیارات حاصل ہونے تک افسران کی فہرست ایف بی آر کو بھجوائیں گی جس کے بعد ایف بی آر افسران کو ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے اکاؤنٹ بنانے سے متعلق اطلاع دے گا۔

اطلاع ملنے کے بعد افسر کو گوشوارہ جمع کرانے سے قبل ایف بی آر پورٹل پر اپنا اکاؤنٹ فعال کرنا ہوگا۔ اس کے لیے لاگ اِن ونڈو میں شناختی کارڈ نمبر درج کرکے پاس ورڈ دوبارہ حاصل کرنے کے عمل کے ذریعے ون ٹائم پاس ورڈ حاصل کیا جائے گا جو ای میل یا موبائل فون پر بھیجا جائے گا۔ اس کے ذریعے افسر اپنا ذاتی پاس ورڈ مقرر کر سکے گا۔ایف بی آر پورٹل پر لاگ اِن کرنے کے بعد افسر کے سامنے ڈیش بورڈ ظاہر ہوگا جہاں ''ڈیکلریشن'' کے آپشن کے ذریعے آمدن و اثاثوں کی تفصیلات درج کی جائیں گی۔ منسلک ذیلی تفصیل میں مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا طریقہ بھی درج ہے ۔وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق افسران کی نجی معلومات کے تحفظ کے لیے اثاثوں کے گوشواروں کے صرف منتخب غیر حساس حصے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر عام لوگوں کی معلومات کے لیے شائع کیے جائیں گے۔

افسر گوشوارہ جمع کرانے سے قبل پورٹل پر ان معلومات کا جائزہ بھی لے سکے گا۔افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ گوشوارے جمع کراتے وقت معلومات کی درستگی اور تکمیل یقینی بنائیں۔ غلط بیانی، معلومات چھپانے یا گوشوارہ جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔ آن لائن جمع کرائے گئے گوشوارے میں غلطی کی تصحیح کی سہولت 30 نومبر 2026 تک دستیاب ہوگی تاہم اس کے لیے متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر کی منظوری ضروری ہوگی۔گوشوارہ کامیابی سے جمع ہونے کے بعد ایف بی آر پورٹل کے جمع کرائے گئے حصے میں ظاہر ہوگا۔ آن لائن گوشوارہ جمع کرانے میں مشکل کی صورت میں افسر متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹر وزارت کو اطلاع دے گا جو معاملہ ایف بی آر کے نامزد فوکل پرسن کے ساتھ حل کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...