افغانستان:طالبان مخالف گروپ کا ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)طالبان مخالف گروپ افغانستان گرین ٹرینڈ (اے جی ٹی)جس کی قیادت افغانستان کے سابق نائب صدر امر اللہ صالح کرتے ہیں، نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی فورسز نے سات اکتوبر کو صوبہ پنج شیر میں ایک سمارٹ آپریشن کے دوران طالبان کا ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے ۔
جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں اے جی ٹی نے کہا کہ انڈیا میں تیار کردہ چیتا ہیلی کاپٹر، جو طالبان کے زیرِ استعمال تھا، ایک آپریشن میں مار گرایا گیا ہے ۔بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر سوار دو پائلٹ اور طالبان کے زیر انتظام فضائیہ کے چیف آف سٹاف اس واقعے میں شدید زخمی ہوئے ۔طالبان کے زیر انتظام وزارت دفاع یا پنج شیر کے مقامی طالبان حکام نے تاحال اس مبینہ حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔طالبان مخالف دوسرے بڑے گروہ افغانستان فریڈم فرنٹ (اے ایف ایف) نے مشرقی صوبہ نورستان اور شمال مشرقی صوبہ بدخشان میں طالبان کے خلاف مزید نئے حملوں کا دعویٰ کیا ہے ۔
ایک بیان میں گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ نورستان کے ضلع کامدیش میں طالبان کے حملوں کو پسپا کیا اور تقریباً چھ گھنٹے جاری رہنے والی جھڑپوں کے دوران 11 طالبان جنگجو ہلاک اور کم از کم آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔گروپ نے دعویٰ کیا کہ اس کی فورسز نے دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچایا اور انھیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ اے ایف ایف نے دعویٰ کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے بدخشان کے ضلع کوران و منجان سے صوبہ پنج شیر جانے والی شاہراہ پر ایک حملے میں طالبان کے پانچ ارکان کو ہلاک کر دیا۔دوسری جانب طالبان کی پولیس سپیشل فورس (پی ایس ایف) نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے چار ایسے افراد پر مشتمل گروہ کو پکڑا ہے جن کا تعلق طالبان مخالف مسلح گروپ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) سے ہے اور وہ کابل میں اقوام متحدہ کے ایک دفتر پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments