فیلڈ مارشل سے برازیلی سربراہ جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی ملاقات ،عسکری تعاون کے فروغ پر اتفاق

فیلڈ مارشل سے برازیلی سربراہ جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی ملاقات ،عسکری تعاون کے فروغ پر اتفاق

باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ،عاصم منیر کا دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ برازیلی اعلیٰ عسکری عہدیدار نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ، علاقائی امن و استحکام کیلئے خدمات کا اعتراف

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برازیل کی مسلح افواج کے چیف آف  جوائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر برازیل کے اعلیٰ عسکری عہدیدار کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ برازیل کے اعلیٰ عسکری عہدیدار نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے برازیلی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور عسکری تعلقات مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...