مریم نواز نے پنجاب میں سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ سروسز کا افتتاح کر دیا
ایک کروڑ سے زائد صنعتی ورکرز اور ان کے اہلخانہ کا بہترین علاج، ادویات فراہم کررہے : وزیراعلیٰ پنجاب یہ 13 سالہ نااہلی کا قصور، صوبے کو خدمت کی ضرورت ہے : پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ پر ردعمل
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزدوروں کیلئے صحت کی سہولیات فیکٹری اور گھر کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے پنجاب میں پہلی مرتبہ 65 موبائل ہسپتالوں اور بائیکس پر مشتمل سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں 46 لاکھ سے زائد صنعتی ورکرز اور ان کے خاندانوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ مارچ 2027 تک گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان اور راولپنڈی میں بھی پروگرام شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے سوشل سکیورٹی موبائل ہسپتال، موبائل ڈینٹل ہسپتال، بائیک اور سکوٹیز کا معائنہ کیا، نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال کی او پی ڈی اور رحمتہ اللعالمین کارڈیک سینٹر کا دورہ کرکے مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ مریم نواز کو وزیر محنت منشا اللہ بٹ، کمشنر پیسی ذوالفقار علی کھرل اور سیکرٹری دانش افضال نے بریفنگ دی۔ مریم نواز نے کہا کہ 24 سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ایک کروڑ سے زائد صنعتی ورکرز اور ان کے اہلخانہ کو بہترین علاج اور ادویات فراہم کررہے ہیں۔ دریں اثنا مریم نواز نے پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو 13 برس صرف دھرنے ، انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے ، آج اگر خیبرپختونخوا گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں سن رہا ہے تو یہ عوام کا نہیں بلکہ 13 سالہ نااہلی کا قصور ہے ، صوبے کو اب انتشار نہیں خدمت چاہیے ۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا ایک ہی ملک، آئین اور قومی خزانے کے حصہ دار ہیں، پھر ایک صوبے میں ترقی اور دوسرے میں تنزلی و بدامنی کیوں؟ فرق وسائل کا نہیں، نیت اور اہلیت کا ہے ۔ پنجاب نے ثابت کیا حکومتیں بڑھکوں سے نہیں بلکہ کام سے چلتی ہیں۔علاوہ ازیں مریم نواز کی سی ایم ای بائیکس سکیم کیلئے 13 لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن اور درخواستیں جمع کرانے کا عمل مکمل کرلیا۔ وزیراعلیٰ نے سکیم کا پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ سکیم کے تحت ایک لاکھ نوجوانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے 3 ہزار روپے ماہانہ کی آسان اقساط پر ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments