کرپٹ جیل افسروں،اہلکاروں کیخلاف مقدمات ، کارروائی کا فیصلہ
قیدیوں کے رشتہ داروں سے تعلقات، کاروباری ڈیل اور تحفے لینے پر پابندی عائد جیلوں، راشن گوداموں، کچن اور سٹورز کے اچانک معائنے کا حکم،مراسلہ جاری
لاہور (مد ثر حسین سے )کرپٹ جیل افسر وں اوراہلکاروں کے گرد گھیرا تنگ ،قیدیوں کے رشتہ داروں سے تعلقات، کاروباری ڈیل اور تحفے لینے پر پابندی عائد،کرپشن وتعلقات ثابت ہونے پر ذمہ دار افسر وں ا و راہلکاروں کے خلاف فوجداری مقدمہ اور محکمانہ کارروائی دونوں ہوں گی، نگران افسر بھی ذمہ دار ہوگا۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے کرپشن کی روک تھام اور احتساب کیلئے مراسلہ جاری کردیا،جس میں کہا گیا ہے پنجاب کی جیلوں میں کرپشن، رشوت اور بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام ریجنل ڈی آئی جیز اور سپرنٹنڈنٹس جیل کرپٹ عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں کریں ،ریجنل ڈی آئی جیز کو جیلوں، سٹورز، راشن گوداموں، کچن اور کیش بک کے اچانک معائنے کا حکم دیا گیا ہے ،سپرنٹنڈنٹ جیل ہر 6 ماہ بعد سرکاری سٹورز کی فزیکل ویریفکیشن کا پابند ہو گا، قیدیوں کو کھانے کی مقدار اور معیار میں کمی برداشت نہیں ہوگی،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل روزانہ راشن کی وصولی،تول اور تقسیم چیک کرے گا، کچن اور وارڈز کا سرپرائز چیک لازم ہو گا،حساس ڈیوٹیوں پر تعینات عملے کا ہر ماہ تبادلہ کیا جائے ، کوئی اہلکار ایک ہی ڈیوٹی پر ایک ماہ سے زیادہ نہیں رہے گا۔رشوت، ہراساں کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے ۔جیل ریکارڈ میں ہیرا پھیری، جعلی دستاویزات اور کرپٹ اہلکار کو تحفظ دینے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔واضح رہے محکمہ جیل خانہ جات میں سپرنٹنڈنٹ جیل کے کرپشن میں ملوث ہونے پر آئی جی جیل خانہ جات نے تمام سپرنٹنڈنٹس جیل کو یہ مراسلہ جاری کیا ہے تاکہ جیلوں میں کرپشن پر قابو پایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments