یو بی ایل رورل بینک اور یونیورسل ایگری ٹریکٹر کمپنی میں معاہدہ
کراچی(بزنس ڈیسک)یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)کے رورل بینک اور جی ایم گروپ کے ذیلی ادارے یونیورسل ایگری ٹریکٹر کمپنی (یو اے ٹی سی)کے درمیان زرعی شعبے میں جدید مشینری کے استعمال کو فروغ دینے ،
زرعی مالیاتی سہولتوں تک رسائی بڑھانے اور پاکستان کی زرعی برادری کو بااختیار بنانے کے لیے اسٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا۔گورنر ہاؤس سندھ میں 5 اکتوبر 2026ء کو منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے گئے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ سید نہال ہاشمی سمیت اعلیٰ سرکاری حکام، کاروباری شخصیات، سینئر عہدیداران اور متعلقہ صنعتی شعبوں کے نمائندے موجود تھے ۔ تقریب میں یو بی ایل رورل بینک کی نمائندگی ہیڈ رورل بینک عبد الستار ناریجو نے کی جبکہ یونیورسل ایگری ٹریکٹر کمپنی کی جانب سے منیجنگ پارٹنر زین وہاب اور کمپنی کے مالک وہاب جی ایم نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے زرعی شعبے کی ترقی اور استحکام کے لیے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔معاہدے کے تحت یو بی ایل رورل بینک اہل کسانوں، زرعی کاروباری افراد اور دیہی صارفین کو ضمانت سے مشروط ٹریکٹر فنانسنگ فراہم کرے گا۔ اس شراکت داری کے تحت یونیورسل ایگری ٹریکٹر کمپنی ہر فنانس کیے جانے والے ٹریکٹر پر ایک لاکھ روپے کی پیشگی مارک اَپ سبسڈی بھی فراہم کرے گی جس سے صارفین پر مالی بوجھ کم ہوگا اور اقساط کی ادائیگی مزید قابلِ برداشت اور پائیدار بنانے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments