بڑھتا ہوا درجہ حرارت پاکستان کے قدرتی وسائل کیلئے خطرہ
اگست میں اوسط درجہ حرارت معمول سے 0.7سینٹی گریڈ زائد رہا :رپورٹ
اسلام آباد (ماہتا ب بشیر)پاکستان کے محکمہ موسمیات کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 کے پہلے نصف میں ملک کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، پاکستان میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت ملک کے قدرتی وسائل کیلئے خطرہ ثابت ہو سکتاہے ۔ یورپی یونین کی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق عالمی درجہ حرارت مسلسل دوسرے مہینے 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی سطح سے تجاوز کر گیا، جو بڑھتی ہوئی عالمی حدت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کی نشاندہی کرتا ہے ۔کوپرنیکس کی 9 اکتوبر کو جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر غیر معمولی گرمی کا سلسلہ اگست سے جاری ہے جبکہ بحرالکاہل میں ال نینو کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ادارے نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کا یہ سلسلہ 2027 تک جاری رہ سکتا ہے ۔ پاکستان کیلئے عالمی حدت میں اضافہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ملک شدید گرمی کی لہروں، غیر معمولی بارشوں، سیلاب اور خشک سالی جیسے موسمیاتی خطرات کا سامنا کرتا رہا ہے جبکہ درجہ حرارت میں مزید اضافے سے پانی کی دستیابی، زرعی پیداوار، انسانی صحت اور قدرتی وسائل پر دبا ؤبڑھ سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments