مال روڈ پروکلا کی گورنر راج کیخلاف ریلی، پولیس سے تصادم

مال روڈ پروکلا کی گورنر راج کیخلاف ریلی، پولیس سے تصادم

غیر قانونی اقدام کیخلاف اعلیٰ عدالتوں میں درخواست دائر کی جائیگی،وکلا تنظیمیں آج لائحہ عمل طے :صدر لاہور ہائیکورٹ بار ، جدوجہد جاری ر ہیگی:حامد خان

 لاہور(کورٹ رپورٹر )تحریک انصاف ،لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار نے خیبر پختونخوا میں نافذ ایمرجنسی اور گورنر راج کو سپر یم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے ،وکلا نے مشترکہ اجلاس کے بعد مال روڈ پر ریلی نکالی اس موقع پر ان کا پولیس سے تصادم بھی ہوا۔ہائیکورٹ بار اور لاہور بار کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر بابر مرتضیٰ نے کہا کہ غیر قانونی اقدام کے خلاف اعلیٰ عدالتوں میں درخواست دائر کی جائے گی ۔انہوں نے کہا آ ج وکلا ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ سینیٹر حامد خان نے کہا کہ بہادر سیاست دان سہیل آفریدی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے مثال قائم کی کہ عہدے اہمیت نہیں رکھتے جب تک عدلیہ اور آئین بحال نہیں ہوتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔حامد خان نے کہا کہ وزیراعظم اور صدرکٹھ پتلی ہیں، ہمیں اصل مسئلے کی طرف جانا ہوگا۔مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قانون دان رائے محمد علی نے کہا گورنر راج اور ایمرجنسی 2009 میں بھی غیر قانونی اور غیر آئینی تھی، آج بھی غیر قانونی اور غیر آئینی ہیں ۔انہوں نے کہا شہباز شریف صاحب! 2008 میں یہ غیر قانونی اقدام تھا، آج یہ کیسے آئین کے مطابق ہے ۔ اجلاس کے بعد وکلانے لاہور ہائیکورٹ سے جی پی او چوک تک ریلی نکالی اور شدید نعرے بازی کی ، مال روڈ اور جی پی او چوک پر ریلی کے دوران پولیس اور وکلا کے درمیان تصادم بھی ہوا، پولیس نے وکلا کو آگے بڑھنے سے روکا۔دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوامی مینڈیٹ اور جمہوری اقدار پر حملہ قرار دیا ہے ۔بار کے سیکرٹری بیرسٹر قاسم نواز عباسی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتظامی اختیارات کے ذریعے عوام کی مرضی کو دبانے کی ہر کوشش کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...