قومی اسمبلی:محمود ورک کیلئے تعزیتی ریفرنس، گوہر کا مائیک بند

قومی اسمبلی:محمود ورک کیلئے تعزیتی ریفرنس، گوہر کا مائیک بند

خراجِ عقیدت کی روایت اپنی جگہ،11 اکتوبر کو جو ہوا، وہ بڑھ کر:بیرسٹرگوہر اس موقع پر سیاسی گفتگو سمجھ سے بالاتر:خواجہ آصف،منیر چنڑ نے حلف اٹھالیا

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی اور سینئر پارلیمنٹیرین محمود بشیر ورک کی وفات پر ایوان سوگوار رہا،اراکین نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ایوان میں مرحوم ارکان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی روایت اپنی جگہ، تاہم 11 اکتوبر کو جو کچھ ہوا، وہ اس سے بڑھ کر ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بیرسٹر گوہر کا مائیک بند کر دیا اور کہا کہ سیاسی باتیں کل بھی کی جا سکتی ہیں، آپ کو مذاکرات میں بہت کچھ دینے کی کوشش کی لیکن آپ مذاکرات میں کچھ لینے پر راضی نہیں تھے ، آج کا اجلاس مرحوم رکن محمود بشیر ورک کا تعزیتی ریفرنس ہے ، محمود بشیر ورک ایک تجربہ کار سیاستدان تھے ، ایوان محمود بشیر ورک کی پارلیمانی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر رہا ہے ۔اجلاس میں دیگر مرحومین، افواجِ پاکستان کے شہدا، پولیس اہلکاروں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید ہونے والے شہریوں کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا سینئر ساتھی کی وفات کے موقع پر بھی سیاسی گفتگو کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

محمود بشیر ورک کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہمیں اپنے ان ساتھیوں کو عزت اور محبت سے یاد کرنا چاہیے جو دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ محمود بشیر ورک نے مارشل لا کے دور میں بھی اپنے قائد کا ساتھ نہیں چھوڑا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ زندگی میں بہت سے لوگوں کے دنیا سے جانے کی خبر ملتی ہے ، لیکن بعض شخصیات کے انتقال کی خبر سن کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی ہو۔ محمود بشیر ورک پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے تھے اور قائداعظم کے مداح تھے ، وہ ایک سچے پاکستانی تھے ۔قادر پٹیل نے کہا کہ جب وہ 2008 میں پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی بنے تو محمود بشیر ورک کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور ان سے بہت کچھ سیکھا۔ میاں محمد اسلم گھمن نے کہا کہ محمود بشیر ورک ان کے نماز کے ساتھی تھے ، جبکہ حفیظ الدین نے ان کے ساتھ گزارے وقت کو یاد کیا۔رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور نے کہا کہ محمود بشیر ورک خواتین کی بہت عزت کرتے تھے ۔ اگرچہ ان کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تھا، تاہم ان کا دوسروں کے ساتھ برتاؤ انتہائی شائستہ تھا ۔اجلاس میں بہاولپور سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی منیر اقبال چنڑ نے حلف اٹھایا۔ بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...