8 اقسام کی مصنوعات ادویات کے زمرے میں شامل
طبی ضروریات کا حامل بچوں کا دودھ، ادویاتی کاسمیٹکس، صابن اور شیمپو شامل رجسٹریشن، لائسنسنگ اور فروخت ڈریپ کے ضوابط کے مطابق ہوگی:سی ای او
لاہور (بلال چوہدری)حکومت پاکستان اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے غیر معیاری، جعلی اور مضر صحت مصنوعات کی روک تھام کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے آٹھ اقسام کی مصنوعات کو ادویات کے زمرے میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن نمبر ایس آر او 1688 (I)/2026 کے مطابق اب ان مصنوعات پر ڈرگ ایکٹ 1976 اور ڈریپ ایکٹ 2012 کے تمام متعلقہ ضوابط اور شرائط لاگو ہوں گی۔ تمام متعلقہ تیار کنندگان، درآمد کنندگان اور تقسیم کاروں کو نوٹیفکیشن پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔ادویات کے زمرے میں شامل کی جانے والی آٹھ اقسام میں مفید جراثیم پر مشتمل مصنوعات، جراثیم کش ادویات، غذائی مصنوعات، غذائی اضافی اجزا، مخصوص طبی ضروریات کے حامل بچوں کے لیے دودھ، ادویاتی کاسمیٹکس، ادویاتی صابن اور ادویاتی شیمپو شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے بعد ان مصنوعات کی رجسٹریشن، لائسنسنگ اور فروخت ڈریپ کے ضوابط کے مطابق ہوگی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ ڈاکٹر عبید اللہ ملک کے مطابق اس فیصلے سے ان مصنوعات کے معیار، افادیت اور حفاظت کی سرکاری جانچ یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور غیر معیاری، جعلی اور مضر صحت مصنوعات کی فروخت کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔ مصنوعات کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور لیبلنگ میں عالمی معیار پر عمل درآمد لازمی ہوگا، جبکہ گمراہ کن دعوؤں اور جھوٹی تشہیر کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر متعلقہ مصنوعات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ ڈریپ کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ اس اقدام سے قیمتوں میں بے جا اضافے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments