گورنر راج، ایمرجنسی پر اپوزیشن کی ہلکی پھلکی نعرے بازی
دفاع اور مخالفت میں تقاریر،نوک جھوک کیساتھ گپ شپ بھی ہوتی رہی
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی توثیق کے معاملے پر ایوان کا سیاسی درجہ حرارت بڑھا رہا۔ پی ٹی آئی کے ارکان دوسرے روز بھی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ایوان میں آئے۔ بدلتے موسم کے باوجود ایوان کا ماحول سیاسی گرما گرمی کی لپیٹ میں رہا۔اپوزیشن نے اس بار واک آؤٹ، بائیکاٹ اور شدید نعرے بازی سے گریز کیا تاہم ہلکی پھلکی نعرے بازی کے ذریعے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اپوزیشن ارکان نے تقاریر میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایمرجنسی اور گورنر راج کو مسترد کیا جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے ان اقدامات کا بھرپور دفاع کیا۔ حکومتی ارکان نے جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ایک فردِ واحد کی خواہشات کی پابند ہے اور خیبرپختونخوا کی حکومت وزیراعلیٰ نہیں بلکہ بیرون ملک بیٹھا ایک فرد چلا رہا ہے جس نے حالات اس نہج پر پہنچا دئیے کہ ایمرجنسی نافذ کرنا پڑی۔اجلاس کے دوران گورنر راج اور ایمرجنسی کے دفاع اور مخالفت میں دونوں جانب سے تقاریر کا سلسلہ جاری رہا اور ارکان کے درمیان نوک جھونک بھی ہوتی رہی۔ اس سیاسی گرما گرمی کے باوجود ارکان ایک دوسرے سے گپ شپ میں بھی مصروف دکھائی دئیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments