سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی سالانہ فیس 50 ہزار روپے مقرر
ایک سال میں فیس 177 فیصدبڑھی ، نجی کالجز میں داخلے کیلئے 6 لاکھ پیشگی جمع کرانا لازم مقررہ مدت میں فیس جمع نہ کرانے پر امیدوار کا داخلہ منسوخ کردیاجائیگا :یوایس ایچ حکام
لاہور (ہیلتھ رپورٹر)پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی فیسوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس)کی جانب سے جاری کردہ داخلہ پالیسی 2026-27 کے مطابق سرکاری کالجز کی سالانہ فیس 50 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے ۔گزشتہ سال سرکاری میڈیکل کالجز کی سالانہ فیس 18 ہزار 30 روپے تھی، جس میں 15 ہزار روپے ٹیوشن فیس اور تقریباً 3 ہزار روپے دیگر اخراجات شامل تھے۔ نئی پالیسی کے تحت صرف ٹیوشن فیس ہی بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس طرح ایک سال کے دوران مجموعی سالانہ فیس میں 31 ہزار 970 روپے ، یعنی تقریباً 177 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
صرف ٹیوشن فیس کا موازنہ کیا جائے تو یہ 15 ہزار روپے سے بڑھ کر 50 ہزار روپے ہو گئی ہے ، جس کے نتیجے میں اس مد میں تقریباً 233 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب نجی میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے پیشگی فیس جمع کرانے کا نیا نظام بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت میرٹ فہرست میں نام آنے کے بعد امیدوار کے لیے تین دن کے اندر 6 لاکھ روپے یو ایچ ایس کے اکاؤنٹ میں جمع کرانا لازمی ہوگا۔یو ایچ ایس حکام کے مطابق مقررہ مدت میں فیس جمع نہ کرانے کی صورت میں امیدوار کا داخلہ منسوخ کر کے نشست اگلے امیدوار کو الاٹ کر دی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments