پی ٹی آئی میں اندورنی اختلافات، قیادت کی تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ گیا

پی ٹی آئی میں اندورنی اختلافات، قیادت کی تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ گیا

پارٹی رہنماؤں کا بیرسٹر گوہر ،سلمان اکرم راجہ کو عہدوں سے مستعفی ہونے کا مشورہ گورنر راج کو چیلنج کرنے میں تاخیر پر سوالات، اچکزئی پر مذاکرات کی ناکامی الزام

 اسلام آباد (سید ظفر ہاشمی )تحریک انصاف میں موجودہ سیاسی صورتحال، ناقص سیاسی حکمت عملی، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ناکامی اور پارٹی رہنماؤں و ارکان کو مؤثر رہنمائی فراہم نہ کئے جانے پر قیادت کے خلاف بے چینی شدت اختیار کرنے لگی ۔ باوثوق پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی اور کے پی میں پی ٹی آئی حکومت کو ختم کر کے وہاں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ نے پارٹی کے اندر اختلافات اور موجودہ قیادت کی نااہلی کے تاثر کو مزید تقویت دی ہے۔

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو عدالت میں چیلنج کرنے میں تاخیر پر بھی پارٹی قیادت پر سوالات اٹھ گئے جس کے بعد پارٹی کے اندر سے قیادت کی تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ گیا ، متعدد رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کو اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کا مشورہ د ئیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی پر بھی عائد کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر قیادت کے اہل نہیں اور ان کے حوالے سے اکثریت کی رائے ہے کہ چیئرمین اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو اپنے عہدوں سے الگ ہو جانا چاہیے۔

ذرائع نے دیگر عہدیداران کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی کی موجودہ قیادت ہی د ر حقیقت بانی چیئرمین کی ملاقاتوں کی راہ میں سب بڑی رکاوٹ ہے یہ لوگ جانتے ہیں کہ اگر ملاقاتوں کو سلسلہ شروع ہو گیا تو عمران خان سب سے پہلے ا نہیں ان کے عہدوں سے فارغ کریں گے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی میں تحریک تحفظ آئین کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے بارے میں بھی تحفظات پائے جاتے ہیں اور پارٹی رہنمائوں کی اکثریت کا خیال ہے کہ وہ بھی مذاکرات کی ناکامی کے ذمہ دار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت تحریک انصاف کے 8 ہزار سے زائد کارکن مختلف مقدمات میں جیلوں میں ہیں جن کے مقدمات کی پیروی کے لیے پارٹی کی جانب سے کوئی مدد فراہم نہیں کی جا رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...