مریم نواز ڈکیتی،چوری اور جرائم میں اضافے پر برہم،پولیس افسروں کو وارننگ
بچوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کیسز پر افسروں کی سرزنش، 3آر پی اوز کو جرائم کنٹرول کرنے کیلئے 4 ہفتوں کی مہلت دیدی سعودی سفیر کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات، لائیو سٹاک، بیف ، آم، کینو،آلو اورشریمپ ایکسپورٹ میں 500ارب کے ہدف پر اتفاق
لاہور(مد ثر حسین سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کرائم میٹنگ کے دوران ڈکیتی ، چوری کی وارداتوں اور دیگر جرائم میں اضافے پر برہم ہوگئیں،پنجاب کے 3 آر پی اوز کو جرائم کنٹرول کے لیے 4 ہفتوں کی مہلت جبکہ 12اضلاع کے ڈی پی اوز کو کارکردگی بہتر بنانے کے لئے وارننگ دے دی ،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب کے تمام اضلاع کی 2 گھنٹے سے زائد طویل اور سخت کرائم میٹنگ ہوئی،میٹنگ میں آئی جی پنجاب عبدالکریم، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ،میٹنگ میں قتل و غارت کے بڑھتے ہوئے واقعات پر وزیر اعلیٰ نے تشویش کا اظہار کیا ، بچوں اور خواتین کیساتھ زیادتی کیسز پر افسروں کی سرزنش کی،انہوں نے ڈکیتی، چوری اور دیگر وارداتوں میں اضافہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے پنجاب کے 3 ریجنز کے آر پی اوز کو چار ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے انکو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں، جن 3 ریجن کے آر پی اوز کو کارکردگی بہتر بنانے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں ان میں راولپنڈی،ڈی جی خان اور فیصل آباد کے آر پی اوز شامل ہیں ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 12 اضلاع کے ڈی پی اوز کی کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا ،جن اضلاع کے ڈی پی اوز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ان میں سی پی او فیصل آباد ، ڈی پی او لیہ ، ڈی پی او شیخوپورہ، ڈی پی او چکوال، ڈی پی او لودھراں، ڈی پی او خانیوال، ڈی پی او راجن پور، ڈی پی او ڈی جی خان، ڈی پی او جھنگ سمیت دیگر اضلاع کے ڈی پی او شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے ان ڈی پی اوز کی کارکردگی واچ لسٹ میں ڈال دی ہے ، کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو ان کو تبدیل کر دیا جائے گا، بہاولپور ریجن، ساہیوال ریجن ، سرگودھا اور گوجرانوالہ ریجن کی کارکردگی پر وزیراعلیٰ نے اطمینان کا اظہار کیا۔
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سعودی عرب کے پاکستان نئے سفیر ڈاکٹر راجح البقمی نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے سعودی سفیر کا پُرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ان کو مبارکباد دی، انہوں نے ڈاکٹر راجح البقمی کی سفارتی خدمات کو سراہا اورپاکستان کی اقتصادی اور مالی معاونت پر سعودی قیادت سے اظہارتشکرکیا، انہوں نے سعودی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے مکہ دفاعی معاہدے کو باہمی تعلقات میں نئے باب کا آغاز قراردیا، ملاقات میں لائیو سٹاک، بیف، پولٹری، پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات بڑھانے کے لیے پنجاب کے وسائل اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ، ملاقات کے دوران پنجاب میں سرمایہ کیلئے ریاض میں پیوٹ کا روڈ شوکے انعقاد پرتبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پنجاب سے لائیو سٹاک، بیف، پولٹری، آم، کینو، آلو اورشریمپ ایکسپورٹ میں 500 ارب روپے سے زیادہ کا ہدف مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت اور نواز شریف کے درمیان دہائیوں پر محیط باہمی تعلق اعتماد کی روشن مثال ہے ، انہوں نے کہا کہ اگست 2026 کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے ،پاکستان اور پنجاب کے عوام مملکت سعودی عرب کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، مشترکہ اقتصادی طاقت مشترکہ سلامتی کی یقینی ضامن ہے ، سعودی سفیر نے سعودی عرب کے لیے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اور عوام کی حمایت، بالخصوص مملکت کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے تمام اقدامات پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments