نشتر کالونی:مبینہ مضر صحت دودھ پینے سے کمسن بچہ جاں بحق
دوسرے بچے کی حالت تشویشناک ، ماہرین ، فوڈ ڈیپارٹمنٹ طلب:پولیس 2 افراد زیر حراست ،والدین نے محلے سے کھلا دودھ خریدا تھا :ابتدائی تفتیش
لاہور(کرائم رپورٹر)نشتر کالونی میں مبینہ طور پر مضرِ صحت دودھ پینے سے 2 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 3 سالہ دوسرے بچے کی حالت تشویشناک ہو گئی۔ پولیس نے بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے دو افراد کو حراست میں لے لیا ۔تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے رہائشی دو بچوں کو طبیعت خراب ہونے پر طبی امداد کے لیے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج 2 سالہ فیضان دم توڑ گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بچے کی موت مبینہ طور پر جسم میں زہر پھیلنے کے باعث ہوئی جبکہ دوسرا بچہ، 3 سالہ ذین، تاحال جنرل ہسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہے ،پولیس کے مطابق فرانزک ماہرین اور دودھ کے معائنے کے لیے فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو طلب کرلیا گیا ہے ،ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ والدین نے محلے سے کھلا دودھ خریدا تھا، فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے ، واقعہ کی اصل وجوہات میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments