اسلام آباد کی 150ہائوسنگ سوسائٹیاں غیر قانونی کارروائی کر رہے : محسن نقوی
اسلام آباد (دنیا نیوز ، مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 150 ہائوسنگ سوسائٹیاں غیرقانونی ہیں، جن کے خلاف کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے ملپور علاقے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے ملپور میں 150 ایکڑ اراضی پر مختلف قومی اور تاریخی شعبوں کی نمائندگی کے حامل 8 بڑے بین الاقوامی معیار کے میوزیمز تعمیر کیے جائیں گے ، ان میوزیمز میں نیشنل ہیریٹیج میوزیم، تاریخ (ہسٹری) میوزیم، پاکستان کی مسلح افواج (آرمڈ فورسز) کا میوزیم اور اسلامک میوزیم سمیت دیگر شعبوں کے عجائب گھر شامل ہوں گے جن کے ذریعے پاکستان کے تاریخی ورثے ، اسلامی اقدار اور دفاعی خدمات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا ، وزیر داخلہ نے کہا جہاں بھی سرکار کی زمین پر قبضہ ہو گا وہ واگزار کروائیں گے ،غیرقانونی قبضہ کرنے والوں کے علاوہ قبضے پر آنکھیں بند کرنے والے سی ڈی اے ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہونی چا ہئے ،وزیر داخلہ نے بہارہ کہو میں قبضے کی زمین واگزار کرانے کی بھی ہدایات کی اور کہا کہ سرکار کی 108 کنال زمین یہاں سے واگزار کرائیں گے ، اسلام آباد کے پرانے سیکٹرز جی سکس، جی سیون، جی نائن اور جی ٹین کی تعمیر نو کریں گے ،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بجلی کی ترسیل کا نظام مکمل طور پر انڈر گراؤنڈ کرنے جا رہے ہیں، لیسکو کے ساتھ مل کر بجلی کے کھمبے ختم کریں گے ،قبل ازیں کشمیر چوک انڈر پاس پر میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ آج کشمیر چوک انڈر پاس کی تعمیر کا 12واں دن ہے ، پیش رفت آپ کے سامنے ہے ، اگلے 10 دن میں کشمیر چوک انڈر پاس پر کافی کام مکمل کر لیں گے ، جس دن کشمیر چوک انڈر پاس مکمل ہو گا کھول دیں گے ،وزیر اعظم کشمیر چوک انڈر پاس کا افتتاح کریں گے ، اسلام آباد کے ایف نائن پارک کی تعمیر نو کر رہے ہیں، اسلام آباد کے شاہ اللہ د تہ کے پاس واگزار کرائی گئی زمین پر بھی پارک تعمیر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماڈل جیل کا چند دن میں افتتاح ہوگا، اسلام آباد کے تمام قیدی اڈیالہ جیل میں ہیں، اسلام آباد کے تمام قیدی ماڈل جیل منتقل ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments